ملتان کے صحافیوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا،چودھری پرویزالٰہی

منگل 16 جولائی 2019 20:49

ملتان کے صحافیوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا،چودھری پرویزالٰہی
لاہور۔16 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملتان کے صحافیوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، بہت جلد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ ملتان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم سے ملاقات کے دوران کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جن الاٹیز نے اپنی فائلیں مکمل کر کے فائونڈیشن کو بھجوا دی ہیں ان کے این او سی جاری کر دئیے گئے ہیں اور پلاٹوں کی ٹرانسفر کیلئے بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی صحافی کالونی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی طور پر بات کی ہے اور بہت جلد فائونڈیشن کی ٹیم ملتان آ کر پلاٹوں کے ٹرانسفر کا طریقہ کار متعین کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے سیکرٹری اطلاعات پنجاب راجہ جہانگیر انور کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ یہ رقم فوری طور پر ایم ڈی اے کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان کے صحافیوں کے ساتھ ان کا خصوصی لگائو اور محبت ہے اسی لیے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دور میں ملتان میں صحافی کالونی کی خصوصی طور پر منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ مل کر جلد ملتان میں صحافی کالونی فیز II کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔