وزیر معدنیات خیبرپختونخوا نے 70لاکھ روپے کی لاگت سے ترقیاتی سکیم کا افتتاح کر دیا

منگل 16 جولائی 2019 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیربلدیات ڈاکٹر امجد علی نے پی کے 06سوات میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، اور اسی سلسلے میں انہوں نے نوے کلے یوسی کوٹھا میں70لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر ٹینک اور واٹر سپلائی کی نئی سکیم کا افتتاح بھی کر دیا ۔ افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، اور عوامی مفاد کے منصوبے بلا تاخیر مکمل کئے جائیں گے۔

پی کے 06سوات میں پانی، نکاس آب اور مواصلات کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے جس سے نئے پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیرہوجائیگا۔واضح رہے کہ صوبائی وزیر معدنیات کا رواں ہفتہ یہ تیسرا ترقیاتی منصوبہ ہے جس کا افتتاح کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے انہوں نے لاکھوں روپے کی لاگت سے زرخیلہ چونگی میں جنازگاہ اور تیرنگ میں 70لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر ٹینک اور واٹر سپلائی کی نئی سکیم کا افتتاح بھی کر چکے ہیں۔

ڈاکٹر امجد علی نے عوامی اجتماع سے کہا کہ ہماری حکومت عوام کو کھبی بھی مایوس نہیں کرے گی۔ کیونکہ ہم نے کرپشن اور سفارش کلچر کو ختم کرکے میرٹ کو ترجیح دی ہے۔ حکومت عوامی ضروریات سے باخبر ہے، اسی لئے بلدیاتی اداروں کو پانی، نکاس آب اور صحت و صفائی کے حوالے سے دس فیصد فنڈز مختص کرنے کا پابند بنایا ہے۔