مون سون بارشیں ،کینٹ میں نالوں کے بہائو کی مانیٹرنگ کے لیے ہنگامی پلان کا نفاذ

منگل 16 جولائی 2019 21:34

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے مون سون میں کسی بھی سیلابی صورتحال سے بچائو کے لییکینٹ کے تمام برساتی نالوں کے بہائو کی مانیٹرنگ کے لئے ہنگامی پلان نافذ کرتے ہوئے سینی ٹیشن سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ۔راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ سینی ٹیشن کے سربراہ وارث بھٹی نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ بورڈ نے مون سون سے قبل ہی جان کالونی ،راحت کالونی ،آڈرہ ، فیصل کالونی ، خیابان میراں بخش ، حبیب کالونی ، پشاور روڈ کی مختلف لائنوں کے نالے ، ویسٹریج سکیم ون ، ویسٹریج ون ،ویسٹریج ٹو ،ویسٹریج تھری ،پیپلز کالونی ،ڈھوک بنارس ،گوالمنڈی ، جابہ پلی ،الیاس کالونی کے نالوں کی بھاری مشینری (ایکسکویٹرز) کے زریعے صفائی مکمل کر لی گئی تھی جبکہ رواں ماہ میں بارشوں سے کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لئے کانٹیجنسی پلان پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پلان کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کے سہولیاتی مرکز میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر 24گھنٹے عملہ موجود ہوگا جو بارشوں سے جمع ہونے والے پانی کے انخلاء ، نالوں کی پوزیشن ،یومیہ کی بنیاد پر نالوں کی صفائی کے حوالے سے معلومات فراہم کریگا جبکہ نالوں کی مانیٹرنگ کے دوران سٹینڈ بائی ایکسکویٹر مع آپریٹر بھی ہمہ وقت موجود رہے گا اور نالوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو بروقت دور کیا جائے گا۔

انہوں نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران پانی اکٹھا ہونے یا اس سے متعلق شکایات 051-9274403پر یا یو اے این نمبر 051-111-07-07-07پر دیں ۔انہوں نے کہاکہ کنٹرول روم پر شکایت موصول ہونے کے ساتھ ہی شعبہ سینی ٹیشن کی ٹیمیں مقررہ جگہ پر پہنچ کربارشی پانی کے انخلاء کے لئے اقدامات کریں گی ۔ہنگامی سینی ٹیشن پلان کے مطابق جولائی کے وسط سے شعبہ سینی ٹیشن کے عملے کی چھٹیاں منسوخ اورعملہ رات کی شفٹوں میں کام سرانجام دے گا ۔

بارشی پانی کے اخراج اور نالوں میں بارشی ریلے کو رواں دواں رکھنے کے لئے برساتی نالوں اور رہائشی علاقوں کے نالوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی ،جہاں جہاں بارشی پانی سے کچرا جمع ہوگا اسے فوری طور پر نکال کر پانی کی روانی کو برقرار رکھا جائے گا۔