قیمتوں میں اعتدال بر قر ار رکھنے کیلئے پھل و سبزی منڈیوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منگل 16 جولائی 2019 22:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی نے کہا ہے کہ پھل وسبزی منڈیوں میں اشیاء کی سپلائی اور ان کی تھوک قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ طلب ورسد میں توازن اور قیمتوں میں اعتدال رکھا جاسکے۔انہوں نے یہ بات سبزی منڈی سدھار میں مختلف سبزیوں وپھلوں کی بولیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی شمائلہ منظور،ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ عبدالرحمن اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔قائمقام ڈپٹی کمشنرسبزی منڈی کے مختلف شیڈز میں گئے اور پیاز،آلو،ٹماٹر ودیگر سبزیوں کی دستیاب مقدار اور ان کی نیلامیوں کاجائزہ لیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ بولیوں میں ناجائز اضافہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ تھوک میں زیادہ قیمتوں کے اثرات سے عام صارفین متاثرہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں جائز منافع حق ہے لیکن صارفین کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف سے کہا کہ وہ پھل وسبزی منڈی کی کاروباری سرگرمیوں پرکڑی نظر رکھیں اورذخیرہ اندوزی کے ذریعے اشیا کی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھوک قیمتوں میں جائز منافع شامل کرکے پرچون فروخت کیلئے فہرست تیار کرکے دکانداروں کو فراہم کریں تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیاء خریدنے میں مشکلات درپیش نہ آئیں۔

انہوں نے سبزی منڈی میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہداہت کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول ہمہ وقت برقرار رکھا جائے۔ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کو شفاف رکھنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :