انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ، الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

این اے 205 گھوٹکی میں ضمنی انتخابات کا وقت ختم ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی رہنماں نے الیکشن مہم جاری رکھی، الیکشن کمیشن

منگل 16 جولائی 2019 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2019ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کو انتخابات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ بلاول بھٹو کو نوٹس الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے جاری کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سابق صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ کے علاوہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کے رہنما سردار علی گوہر مہر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 205 گھوٹکی میں ضمنی انتخابات کا وقت ختم ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی رہنماں نے الیکشن مہم جاری رکھی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے مرحوم وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کے انتقال کی وجہ سے خالی ہونے والی گھوٹکی کی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخابات 18 جولائی کو ہوں گے۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد بخش مہر سمیت مخالف فریق کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔شہری شبراتی مہر کی جانب سے محمد بخش مہر کی نااہلی کے متعلق پٹیشن دائر کی گئی تھی۔