Live Updates

سکھر ، بلاول بھٹو زرداری کی ابو اور پھپھو بچاؤ مہم مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،سید شفقت علی شاہ

بلاول کے دورہ سکھر کے دوران عوام نے انہیں مسترد کردیا، احتجاجی دھرنے اور کنونشن میں لوگوں کی تعداد انگلیوں پر گنی جاسکتی تھی، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں ، صوبائی رہنما مسلم لیگ فنکشنل

منگل 16 جولائی 2019 23:26

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2019ء) مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ابو اور پھپھو بچاؤ مہم مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، بلاول کے دورہ سکھر کے دوران عوام نے انہیں مسترد کردیا، احتجاجی دھرنے اور کنونشن میں لوگوں کی تعداد انگلیوں پر گنی جاسکتی تھی، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں کیونکہ حکمرانوں نے بھٹو کے نام پر اقتدار تو حاصل کیامگر غربت و بیروزگاری کے خاتمے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے، بلاول بھٹو زرداری فلاحی ادارے سرسو کو متنازع بنارہے ہیں، بلاول بھٹو کی جانب سے 10لاکھ خاندانوں کو خود کفیل اور 50 ہزار مرد و خواتین کو تربیت فراہم کرنے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے، جس میں کسی بھی قسم کی کوئی صداقت نہیں، اگر 10لاکھ خاندانوں کو خود کفیل بنادیا جائے تو سندھ سے غربت ختم ہوجائیگی، سرسو نے 2سال کے دوران صرف 2500سے 2800خواتین کو تربیت فراہم کی ہے اور سرسو کی کارکردگی کا یہ حال ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام سمیت دیگر اداروں کی جانب سے ان کی غلطیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے، سرسو میں 17 سال سے سے ایک ہی شخص بورڈ کا چیئرمین ہے جو کہ پاکستان کے سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما 12سال کے دوران عوام کو پینے کا صاف پانی تو فراہم نہیں کرسکے لیکن اب عوام کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹا و غلط پروپیگنڈہ کررہے ہیں، جس کی مثال بلاول کی جانب سے سرسو کے پروگرام میں غلط اعداد و شمار پیش کرنا ہے، مگر عوام اب ان کے کسی بہلاوے میں نہیں آئینگے کیونکہ عوام نے ان کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے اور عوام ان کا احتساب چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید شفقت علی شاہ نے کہاکہ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لئے تیزی سے کام جاری ہے، مختلف منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن کی تکمیل سے عوام کو واضح بہتری نظر آئیگی تاہم طویل عرصے تک ملک کو لوٹنے والے کرپٹ حکمران تبدیلی کیخلاف ہے، اس کے لئے وہ سازشیں کررہے ہیں مگر وہ اپنی کسی سازش میں کامیاب نہیں ہونگے، وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے اور عوام کے لوٹے گئے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائیگا، کوئی کتنی بھی تحریکیں چلالے لیکن کرپٹ عناصر کو سزا ملکر رہیگی۔

انہوں نے کہاکہ این اے 205گھوٹکی کے الیکشن میں تحریک انصاف اور جی ڈی اے کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات