بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جلداز جلد کیا جائے، ڈسٹرکٹ انٹرسٹ گروپ

منگل 16 جولائی 2019 23:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2019ء) ڈسٹرکٹ انٹرسٹ گروپ عہدیداروں ،خالدحسین ،شمس الملک میر بہرام لہڑی اور اسلم رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جلداز جلد کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور سستا انصاف فراہم ہوسکے ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کسی بھی مضبوط جمہوری نظا م میں بلدیاتی اداروں کی بے پناہ اہمیت ہوتی ہے وسائل اور اختیارات کی عدم مرکزیت اور نچلی سطح پر منتقلی ہی عوامی خود مختاری کی ضمانت ہے انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرے تاکہ سیاسی انتظامی اور مالیاتی اختیارات مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کومنتقل کئے جاسکے انہوں نے کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010کے سیکشن 16(2)کے تحت صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120دن کیاندر نئے انتخابات کرانے کی پابند ہے 27جنوری 2019کو بلوچستان کے بلدیاتی ادارے اپنی مدت پوری ہونے کے بعد تحلیل ہوگئے اور قانون کے مطابق مئی کے آخر تک نئے انتخابات کا انعقاد ہونا تھا لیکن صوبائی حکومت اسمبلی بلوچستان کے منتخب نمائندگان نے نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی تیاری یا موجودہ آرڈیننس میں ترامیم کرنے کی غرض سے متفقہ قرار داد پاس کی اور بلدیاتی اداروں کے انتخابات کو غیر معینہ مدت کیلئے موخر کردیا گیا ۔