نصیرآباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون، قتل، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

منگل 16 جولائی 2019 23:59

ڈیر ہ مراد جمالی۔ 16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) نصیرآباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، سی آئی اے اور سٹی سمیت نصیرآباد پولیس کی مختلف کاروائیاں، قتل، چوری ڈکیتی موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں اور منشیات فروشوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ملزمان سے اعلی کوالٹی کی چرس مسروقہ موٹرسائیکلیں پسٹل ماسٹر چابی برآمد منشیات کے استعمال میں ایک کار کو بھی قبضہ میں لے لیا تمام مقدمات درج تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نصیرآباد رینج شہاب عظیم لہڑی کی خصوصی ہدایات پر نصیرآباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر روپوش ملزمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کا عمل جاری ہے ایس ایس پی نصیرآباد عرفان بشیر نے سٹی، صدر نوتال اور سی آئی اے پولیس سمیت ایس ڈی پی او سرکل کو ٹاسک دے کر ملزمان کے خلاف کاروائیوں کی ہدایات جاری کردی تھی متعلقہ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز نے ملزمان کے خلاف کاروائیوں کے عمل کو مزید تیز کردیا، خفیہ اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او سرکل ڈیرہ مراد جمالی ملک عبدالغفار سیلاچی کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ عزیز بلو شہید قادر رند سی آئی اے انچارج صوبدار سیال سب انسپکٹر انور ابڑو اور دیگر پولیس پارٹی نے نوتال قومی شاہراہ پر مشترکہ طور پر کاروائی کرتے ہوئے اندرون سندھ سمگل کی جانے والی ایک ٹو ڈی کار کے خفیہ خانوں سے 12 کلوگرام اعلی کوالٹی کا چرس برآمد کرلیا اور ڈرائیور ذوالفقار علی کو گرفتار کرکے کار کو قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کر لیا جبکہ گزشتہ دو روز قبل ملک عبدالغفار سیلاچی کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ صدر حبیب اللہ لاشاری نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ ایک کامیاب کاروائی کرتے ہوئے چوری شدہ ایک مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرکے ملزم ہادی بخش عرف ہادو کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی دوسری جانب سٹی پولیس تھانہ کے ایس ایچ او سید حیدر شاہ نے آلہ قتل سمیت ملزم شہزاد کو گرفتار کرکے ٹی ٹی پسٹل برآمد کرلیا جبکہ سٹی پولیس کی دیگر مختلف کاروائیوں میں قتل، چوری ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث 6 ملزمان جاوید علی، نادر علی، ڈاکٹر احسان، امام بخش، منیر احمد، اور غلام محمد کو گرفتار کرکے ملزمان سے دو مسروقہ موٹرسائیکلیں اور ایک ماسٹر چابی برآمد کرکے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے، دریں اثنا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نصیرآباد پولیس کی مختلف کاروائیوں پر عوامی حلقوں نے ایس ایس پی نصیرآباد عرفان بشیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔