انضمام الحق کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کا امکان

معین خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر کیلئے مضبوط ترین امیدوار بن گئے

muhammad ali محمد علی منگل 16 جولائی 2019 20:37

انضمام الحق کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2019ء) انضمام الحق کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کا امکان، معین خان پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر کیلئے مضبوط ترین امیدوار بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ ختم ہو چکا ہے اور اب پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم مینیجمنٹ کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

اس سلسلے میں جلد باقاعدہ اعلانات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق خود اپنے عہدے سے مستعفی ہو سکتے ہیں۔ انضمام الحق اہم پریس کانفرنس طلب کر لی ہے۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو ڈھائی بجے انضمام الحق لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔

(جاری ہے)

امکان ہے کہ انضمام الحق پریس کانفرنس میں مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔

جبکہ انضمام الحق کے متبادل کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان معین خان قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر کیلئے مضبوط ترین امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ معین خان گزشتہ ورلڈکپ کے دوران بھی پاکستان کے چیف سلیکٹر کی ذمے داری نبھا چکے ہیں۔ جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کیساتھ بھی وابستہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر معین خان قومی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر بنتے ہیں، تو ایسے میں قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ انضمام الحق نے بطور چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک نئے کلچر کو متعارف کروانے کی کوشش کی۔ انضمام الحق نے بطور چیف سلیکٹر، فخر زمان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف، امام الحق جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا۔