ناقص اور مضر صحت اشیاء کی فروخت، بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سول سیکٹریٹ کوئٹہ میں قائم کینٹینزسیل کردیں

بدھ 17 جولائی 2019 00:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردنوش کی پروڈکشن اور فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر (ر) بشیر احمد کی سربراہی میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سول سیکٹریٹ کوئٹہ میں قائم کینٹینز کا معائنہ کیا۔

دوران معائنہ کینٹینز میں موجود مختلف اشیاء خورد نوش کے معیار اور صفائی کے انتظامات کو چیک کیا گیا جبکہ کنٹینرز میں استعمال ہونے والے دودھ کے موقع پر مختلف ٹیسٹ کیے گئے، دودھ میں مضر صحت و خطرناک کیمیکل پائے جانے اور ملک شیک وغیرہ میں خراب و زائدالمیعاد پھلوں کے استعمال اور صفائی کی ناقص صورتحال پر دونوں کینٹینز کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا مقصد خوراک کے معیار کو بہتر بنانا اور نقائص کی اصلاح کرنا ہے تاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اورمحفوظ خوراک میسر آسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے یے ملاوٹ وجعل سازی کرنے والوں کو کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔علاوہ ازیں بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم کی گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف کاروائیاں منگل کے روز بھی جاری رہیں فوڈاتھارٹی حکام نے منگل کے روز کارروائی کے دوران سمنگلی روڈ اور خروٹ آباد کے علاقوں میں سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی مزید کاشت روکنے کے لیے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر نالے کے پانی کو بند کیا۔