Live Updates

فواد چودھری نے صحافی سمیع ابراہیم کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا

سمیع ابراہیم نے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ فواد چودھری کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 جولائی 2019 11:22

فواد چودھری نے صحافی سمیع ابراہیم کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2019ء) : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے صحافی سمیع ابراہیم کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری نے سمیع ابراہیم کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ میں کہا کہ سمیع ابراہیم نے میرے خلاف جھوٹی خبریں نشر کروائی۔ سوشل میڈیا اور ٹی وی چینل پر من گھڑت خبروں سے میری شہرت متاثر ہوئی۔

سمیع ابراہیم نے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔سمیع ابراہیم نے مجھے غیر ملکی ایجنسی کا ایجنٹ بھی قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ میری سیاسی زندگی اور نجی زندگی الزامات کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی ،عدالت قانون کے مطابق سمیع ابراہیم کو سخت سے سخت سزا دینے کا حکم دے ۔ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ فواد چودھری کے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے 14 جون کی رات فیصل آباد میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں سینئیر صحافی و تجزیہ کار سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کر دیا تھا جس کے بعد سے ہی صحافی برادری کی جانب سے فواد چوہدری کے خلاف کافی احتجاج کیا گیا جبکہ صحافی سمیع ابراہیم نے وفاقی وزیر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کروائی تھی۔

درخواست میں صحافی سمیع ابراہیم نے مؤقف اپنایا تھا کہ میں نجی ٹی وی چینل کے مالک کی بیٹی کی شادی میں آیا تھا، شادی کی تقریب میں اپنے ساتھی ارشد شریف ، رؤف کلاسرا ،ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اور پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فرخ حبیب بھی موجود تھا۔اس دوران وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بلا اشتعال مجھ پر حملہ کر دیا۔ مجھے تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ غلیظ گالیاں بھی دیں اور پھر خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ تاہم اب فواد چودھری نے سمیع ابراہیم کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات