امارات میں مقیم پاکستانی ڈرائیورز کے لیے شاندار خبر آ گئی

پاکستان موٹر ویز پولیس کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس متحدہ عرب امارات میں بھی کار آمد ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 جولائی 2019 11:39

امارات میں مقیم پاکستانی ڈرائیورز کے لیے شاندار خبر آ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جولائی 2019ء) امارات میں لاکھوں پاکستانی ڈرائیونگ کے شعبے سے وابستہ ہیں جبکہ کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو اس پیشے میں آنا چاہتے ہیں مگر اُن کے ڈرائیونگ لائسنس کو اماراتی حکومت تسلیم نہیں کرتی اورا نہیں قواعد کے مطابق امارات کے ڈرائیونگ اسکول سے ٹیسٹ پاس کرنا پڑتا ہے جو کہ ایک اچھا خاصا مشکل مرحلہ ہے۔ تاہم اس حوالے سے ایک شاندار خبر آ گئی ہے۔

اب پاکستانی موٹر ویز پولیس کی جانب سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس متحدہ عرب امارات میں بھی کار آمد ہوں گے۔ ایسے ڈرائیونگ لائسنس کے حامل افراد کو اماراتی سرزمین پر الگ سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل نہیں کرنا پڑے گا۔ اس مقصد کے لیے اماراتی اور پاکستانی وزارتوں کے اعلیٰ حکام جلد ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد دونوں جانب سے اپنی اپنی حکومتوں کو اس حوالے سے سفارشات پیش کی جائیں گی۔

اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں تعینات سفیر حماد عبید ابراہیمی الزابی نے پاکستانی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مُراد سعید سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اماراتی سفیر نے اس موقع پر پاکستانی حکومت کی پالیسیوں کو سراہا۔ اس ملاقات کے دوران یہ طے پایا کہ پاکستانی وزارت مواصلات اور موٹر پولیس پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم جلد متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گی۔

اور وہاں پر اماراتی لائسنس کے حوالے سے اکٹھی ہونے والی اُن پاکستانی افراد کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا جن کے پاس موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس ہو گا۔ اس دورے کے دوران دونوں جانب سے یہ فیصلہ بھی کیا جائے گاکہ کیا پاکستانی موٹر ویز پولیس کا جاری کردہ لائسنس متحدہ عرب امارات میں بھی کارآمد ہو سکتا ہے یا نہیں۔ جبکہ پاکستان کے ای ٹیگ اور اماراتی سالک سسٹم کی افادیت بھی زیر غور آئے گا۔