چھوٹے و درمیانے درجے کے افریقی تاجروں کو اپنی مصنوعات کی جانب مائل کرنے پر غور کرر ہے ہیں، روس

بدھ 17 جولائی 2019 12:36

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) روس نے کہا ہے کہ وہ افریقی مارکیٹس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں اور کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات کی جانب مائل کرنے پر غور کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روس اور افریقی ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے وزارت خارجہ کی بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم یہ چیز اہم خیال کرتے ہیں کہ افریقی مارکیٹس کے ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے پر تجارتی و اقتصادی تعلقات کی ترویج کے مواقع کا جائزہ لیں، ہم اس شعبے میں تعاون کو ابھی تک کوئی خاص اہمیت نہیں دے سکے۔ان کا کہنا تھا کہ روس اور افریقی ملکوں کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح اور اس میں مزید بہتری پر یقین رکھتے ہیں،رواںسال ہم دونوں خطوں کے اراکین پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے درمیان سیاسی مذاکرے اور تعاون میں بہتری آئی،اس طرح کے اقدامات ہمیں دونوں خطوں کے درمیان بینکاری اور باہمی مفادات کے حامل منصوبوں کے آغاز کے لیے تجارت ، اقتصادیات اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ترغیب دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس اور افریقی ملکوں کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں،دونوں خطوں کی پہلی سربراہی کانفرنس اکتوبر میں روسی شہر سوچی میں ہوگی جس سے باہمی تعاون کے عمل کو مزید تعاون کی کوششوں میں تیزی آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ با ت بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سابقہ مثبت اقدامات کے باعث گزشتہ برس ہمارا باہمی تجارتی حجم 20 ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔