یورپین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود کی یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئیس سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 17 جولائی 2019 13:37

یورپین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے یورپین سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئیس سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر تجارت نے یورپی یونین کے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی برآمدی مصنوعات کے حوالے سے ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے جس سے یورپ کو پاکستان کی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر تجارت یورپی یونین کے پارلیمنٹ کا دورہ کر کے مزید مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان اپنی برآمدی مصنوعات میں نئی چیزیں متعارف کروا کے برآمدات کو بڑھا سکتا ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا پاکستان یورپی یونین معاشی تعاون پر اظہار اطمینان اور اس کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔