مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒکی سالگرہ31 جولائی کو منائی جائے گی

بدھ 17 جولائی 2019 14:03

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒکی سالگرہ31 جولائی کو منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) بابائے قوم ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 125ویں سالگرہ اور 126واں یوم ولادت31 جولائی کو ملک بھر میں قومی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔وہ 31 جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدو جہد سمیت ملک و قوم کے لئے ان کی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مادر ملت جنہیں شمع جمہوریت کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے نے برصغیر کی مسلم خواتین کو مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کرنے سمیت انہیں مردوں کے شانہ بشانہ تکمیل پاکستان کی جدو جہد میں عملی طور پر شریک کیا ۔

(جاری ہے)

محترمہ فاطمہ جناح نے عمر رسیدہ ہونے کے باوجود قوم کے اصرار پر وطن عزیز کی صدارت کے عہدہ کے لئے صدر ایوب خان کے مقابلے میں الیکشن لڑا لیکن انہیںخفیہ ہاتھوں نے شکست سے دوچار کر دیا ۔

محترمہ فاطمہ جناح نے 74برس کی عمر میں 9جولائی 1967ء کو وفات پائی۔ مادر ملت کے یوم ولادت اور سالگرہ کے موقع پر قرآن خوانی کی محافل کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں شہدائے تحریک پاکستان سمیت وطن عزیز کی سلامتی، استحکام، خوشحالی، فلاح کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔