مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی تلاش کیلئے چوتھا بحری جہاز بھی روانہ کریں گے، ترکی

بدھ 17 جولائی 2019 14:06

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ترکی کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل فاتح دونمیز نے کہا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی تلاش کے لئے چوتھا بحری جہاز بھی روانہ کرنے والے ہیں،2 ڈرلنگ اور ایک زلزلہ کے اثرات کا جائزہ لینے والے بحری جہاز کی کاروائیوں کے بعد اب اورچ رئیس سسمک ریسرچ بحری جہاز بھی ان سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ترکی مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی تلاش کے کام کو اسی عزم سے جاری رکھے گا، ہم اپنی سمندری حدود اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی پٹرولیم کمپنی کی جانب سے اجازت دیئے جانے والے مقامات پر تیل اور گیس کی تلاش کی کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کام منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے، ترکی اس ضمن میں خود مختار ہے اور اپنے چار بحری جہازوں کے ساتھ تلاش کے کام میں مصروف ہے۔انھوں نے کہا کہ ترکی خطے میں اپنی حاکمیت کے حقوق کو نظر انداز کرنے و الی ہر کوشش اور اقدام کے خلاف تمام تر متعلقہ وزارتوں کے درمیان تعاون کے ماحول میں لازمی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔