دُبئی میں ٹریفک جرمانوں کی اطلاع واٹس ایپ کے ذریعے دی جائے گی

اس نئی سروس کے باعث لوگ خود پر عائد ٹریفک جرمانوں کے بارے میں بھی جان سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جولائی 14:22

دُبئی میں ٹریفک جرمانوں کی اطلاع واٹس ایپ کے ذریعے دی جائے گی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جولائی 2019ء ) دُبئی میں گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کے لیے ایک شاندار سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عنقریب ایک ایسی واٹس ایپ سروس شروع کی جا رہی ہے جو ہفتے کے تمام دِن اور 24 گھنٹے کام کرے گی۔ اس سروس کے ذریعے کسی بھی شہری کو اُس کی ٹریفک خلاف ورزی کی اطلاع اُس کے واٹس ایپ نمبر کے ذریعے دی جائے گی۔

جبکہ اگر کوئی شخص یہ جاننا چاہے کہ اُس کے خلاف کسی ٹریفک خلاف ورزی کی مد میں جرمانہ تو نہیں عائد کیا گیا یا عائد کردہ جرمانے کی رقم کتنی ہے، تو وہ یہ ساری معلومات روڈز اتھارٹی کی اس ایپ کے ذریعے ہاصل کر سکے گا۔ روڈز اتھارٹی نے صارفین کو طریقہ کار سمجھانے کی خاطر اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

(جاری ہے)

11 سیکنڈز پر مشتمل اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ادارے کے واٹس ایپ نمبر پر کسی صارف کی جانب سے خود پر عائد جرمانوں کے بارے میں جاننے کے حوالے سے ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوتا ہے جس پر اتھارٹی کی جانب سے جواب دیا جاتا ہے۔

روڈز اتھارٹی کی یہ واٹس ایپ سروس ہفتے کے ساتوں دِنوں اور 24 گھنٹے بلاتعطل کام کرے گی۔ صارفین کو معلومات کے حصول کے لیے اتھارٹی کے واٹس ایپ نمبر 058-8009090 پر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ہو گا۔ اگر کسی صارف کو ٹریفک جرمانوں کے بارے میں جاننا ہو گا تو وہ اس مقصد کے لیے اپنی کارکا رجسٹریشن نمبریا ڈرائیونگ لائسنس نمبر یا ٹریفک فائل نمبر کا اندراج کرے گا جس کے بعداُس کی مطلوبہ معلومات تک رسائی ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :