سعودی عرب میں کاروباری مراکز کو24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت مِل گئی

اس سہولت کو حاصل کرنے کے لیے مقررہ تجارتی فیس جمع کروانا لازمی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 17 جولائی 2019 14:55

سعودی عرب میں کاروباری مراکز کو24 گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت مِل گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جولائی 2019ء ) گزشتہ روز سعودی کابینہ کا اجلاس سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ کے شاہی محل میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بہت سے فیصلے لیے گئے جن میں سے ایک فیصلہ یہ ہے کہ تجارتی مراکز اور ریسٹورنٹس کو 24 گھنٹے تک کاروبارکرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ تاہم یہ اجازت مشروط طور پر دی جائے گی۔

صرف وہی تجارتی مراکز 24 گھنٹے کاروبار کر سکیں گے جن کی درخواست کی منظوری وزارت بلدیات و دیہی امور کی جانب سے دی جائے گی۔ اس سہولت سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مقرر کردہ فیس بھی جمع کرانا ہو گی۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے اس حوالی سے مزید بتایا ہے کہ کابینہ کی جانب سے یہ اجازت عوامی مفاد کے پیش نظر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کابینہ کے اجلاس کے دوران قائم مقام وزیر بلدیات و دیہی امور ماجد القصبی نے بتایا کہ 24 گھنٹے تک کاروبار کھُلا رکھنے کی اجازت سے شہر کے کاروباری مراکز کو بہت زیادہ سہولت اور فائدہ حاصل ہو گا۔

تاجروں کا کاروبار مزید ترقی کرے گا اور اُن کی خوش حالی میں اضافہ ہو گا۔ خصوصاً اس سے قہوہ خانوں ، ریسٹورنٹس، فاسٹ فوڈز شاپس، سوشل کلبز،ہوٹلز ، فرنشڈ اپارٹمنٹس،فارمیسیوں، پٹرول اسٹیشنز ، شعبہ ٹرانسپورٹ، گیمز ہال ، سینما گھر ، تفریحی مراکز اور اسپورٹس کے اداروں کو بے پناہ فائدہ ہو گا۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی کابینہ کے اس فیصلے سے تقریباً ایک لاکھ مزید ملازمتیں پیدا ہوں گی جس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی۔ تاہم یہ اجازت صرف انہی تجارتی اداروں کو دی جا رہی ہے، جن کی جانب سے فراہم کردہ خدمات کی عوام کو 24 گھنٹے ضرورت پڑتی ہے۔

متعلقہ عنوان :