پاکستان اور بیلجیم کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی بیلجیم کے سبکدوش ہونے والے سفیر فریڈرک ورہیڈن سے الوداعی ملاقات میں گفتگو

بدھ 17 جولائی 2019 15:29

پاکستان اور بیلجیم کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلجیم کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مثبت مواقع سے فائدہ اٹھا کر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو بیلجیم کے سبکدوش ہونے والے سفیر فریڈرک ورہیڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔

صدر مملکت نے بیلجیم کے سفیر کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے تناظر میں اور دوطرفہ لحاظ سے پاکستان بیلجیم کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے صدر نے معیشت، تجارت اور سیاحت جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو تقویت دینے کے لئے مزید بات چیت کے حوالے سے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم ان کی حقیقی صلاحیت سے ہم آہنگ نہیں، دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیاحتی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مثبت مواقع سے فائدہ اٹھا کر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔ صدر نے سبکدوش ہونے والے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ سفیر نے مہمان نوازی اور پاکستان میں قیام کو خوشگوار بنانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔