Live Updates

کیمپ جیل کی انتظامیہ نے لیگی اراکین اسمبلی کو جیل کا دورہ کرنے سے روکدیا ،اراکین کا مرکزی دروازے پر احتجاجی مظاہرہ

خواتین اراکین جیل کا دروازہ پیٹتی رہیں ،ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرانے کا اعلان

بدھ 17 جولائی 2019 15:29

کیمپ جیل کی انتظامیہ نے لیگی اراکین اسمبلی کو جیل کا دورہ کرنے سے روکدیا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) کیمپ جیل کی انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کو جیل کا دورہ کرنے سے روک دیا ، اراکین اسمبلی نے جیل کے مرکزی دروازے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ اس موقع پر خواتین اراکین جیل کا دروازہ پیٹتی رہیں ،لیگی اراکین نے ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرانے کا اعلان کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے جیل میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے ہوم سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کرائی تھی ۔ گزشتہ روز سمیع اللہ خان ، میاں مرغوب ، یاسین سوہل، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان ، راحیلہ خادم حسین ، راحت افزاء ،میاں نصیر، شہباز چوہدری، میاں وحید، صباء صادق، سیف الملوک کھوکھر، مرزا جاوید ،سعدیہ تیمور سمیت دیگر اراکین اسمبلی کیمپ جیل پہنچے تاہم جیل اہلکاروں نے انہیں مرکزی دروازے پر ہی روک لیا ۔

(جاری ہے)

اراکین اسمبلی نے موقف اپنایا کہ ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات اجازت دے چکے ہیں تاہم اہلکاروں نے موقف اپنایا کہ اجازت نامہ نہیں اجازت دکھا دیا جائے وہ انہیں اندر بھجوا دیں گے ۔ اس دوران اراکین اسمبلی اور جیل اہلکاروں کے درمیاں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر اراکین اسمبلی نے جیل کے مرکزی دروازے پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی جبکہ خواتین اراکین احتجاجاً جیل کے دروازے کو پیٹتی رہیں۔

سمیع اللہ چوہدری ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، یاسین سوہل اور صباء صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ممبر ہیں اور اسمبلی رولز 1972 کاایکٹ مکمل اجازت دیتاہے کہ ہم بغیر کسی اجازت کے کسی بھی جیل کادورہ کریں ۔ا س کے باوجود ضابطے کی کارروائی مکمل کی اور اس کے لئے ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ سے اجازت طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ لاہور کی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک ہورہاہے ،قیدیوں کو صاف پانی اور معیاری خوراک نہیں مل رہی ۔

ہم اپنے استحقاق کے مطابق جیلوں کے دورے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون بنانے والوں کو روکنا اچھی بات نہیں ،اگر جیلوں میں اچھی سہولیات مل رہی ہیںتو تعریف بھی کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں اندر جانے سے روک کر ہمارے استحقاق کو مجروع کیا گیا ہم ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری مقصد رانا ثنا اللہ اور دیگر گرفتار لیگی رہنمائوں سے ملاقات کرنا نہیں تھابلکہ ہم نے قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لینا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اپنے لیڈر عمران خان کے کہنے پر سب کچھ کر رہے ہیں لیکن ہم لا قانونیت کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے ۔اجازت نہ ملنے کے بعد اراکین اسمبلی وقفے وقفے سے جیل کے باہر سے روانہ ہوتے رہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات