مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری ، جولائی کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.35 فیصداضافہ ریکارڈ

بدھ 17 جولائی 2019 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری ہے جولائی کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.35 فیصد جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئی1.51فیصد اضافہ ریکار ڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق10جولائی کو ختم ہونے والے جولائی کے پہلے عشرے کے دوران گیس نرخ ،چینی ،چنے کی دال ،دال مونگ ، دال ماش، دال مسور ، سگریٹ،لہسن ،آلو، گندم، آٹا ،روٹی سادہ ، خوردنی تیل، بیف،مٹن، سرخ مرچ، تازہ دودھ ، دھی، بجلی کا بلب ، مسٹرڈ آئل ،اری چاول ، باسمتی چاول،ویجی ٹیبل گھی ،سمیت 31 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔

زندہ مرغی، انڈے، ایل پی جی ،پیاز ، ٹماٹر،گڑ، کیلے سمیت 7اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول ، ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل ، بجلی کے نرخ ،چائے، ملک پاڈر،نمک ،صابن ، سمیت 15 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران 8ہزار تا12 ہزار آمدنی ،12 ہزار تا18ہزارآمدنی ، 18ہزار تا35ہزار تک اور 35ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 2.83، 2.97 ،0.72 اور 0.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔