حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟ مریم نواز کا میاں طارق کی گرفتاری پر ردعمل

نواز شریف کو بےگناہ ہوتے ہوئے بھی زبردستی سزا دلوانے والوں کو بھی پکڑا جائے گا؟ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 جولائی 2019 15:19

حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟ مریم نواز ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جولائی۔2019ء) جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانےوالے مرکزی ملزم میاں طارق کی گرفتاری پر مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟ مریم نواز نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کی گرفتاری کے ردّ عمل میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ اچھا ہوا مگر اس ویڈیو کو جج کو دکھا کر بلیک میل کرنے اور نواز شریف کو بےگناہ ہوتے ہوئے بھی زبردستی سزا دلوانے والوں کو بھی پکڑا جائے گا؟اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں سوال اٹھایا کہ حسین نواز کی تصویر لیک کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی؟واضح رہے کہ رواں سال 6 جولائی کو مریم نوازنے پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر یہ بتایا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو نواز شریف کو سزا سنانے کے لیے بلیک میل کیا گیا.

اس بنیاد پر مریم نواز نے یہ مطالبہ کیا کہ چونکہ جج نے خود اعتراف کرلیا ہے لہٰذا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کیا جائے. جج ارشد ملک نے ویڈیو جاری ہونے کے بعد اگلے روز ایک پریس ریلیز کے ذریعے اپنے اوپرعائد الزامات کی تردید کی اور مریم نواز کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو کو جعلی‘ فرضی اور جھوٹی قرار دیا.

جج ارشد ملک کا ایک بیان حلفی بھی منظر عام پر آیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے انہیں رشوت کی پیشکش کی.واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والا مرکزی ملزم میاں طارق کو آج ہی گرفتار کیاگیا ہے. ایف آئی اے ذرائع کے مطابق میاں طارق کی گرفتاری ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبر کرائم ونگ نے کی، ملزم کے گھر سے ویڈیو بھی برآمد کی گئی جس کا فرانزک کرالیا گیا ہے.

میاں طارق دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، ملزم طارق محمود کو سول جج شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، ملزم کو عدالت میں بکتر بندگاڑی میں انتہائی سخت سیکورٹی میں لایا گیا. ایف آئی اے ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا بھی ذکر کیا ہے.