ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کوئلہ کان حادثے میں کان کنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

بدھ 17 جولائی 2019 16:54

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کوئلہ کان حادثے میں کان کنوں کی قیمتی جانوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ڈیگاری کوئلہ کان میں ہونے والے حادثے کے نتیجے میں کان کنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس وغم کا اظہار اور مرحوم کانکنوں کیلئے دعائے مغفرت اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ بدھ کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جب کسی حادثے میں ایک بھی کانکن کی جان جاتی ہے یا وہ معذوری کا شکار ہوتا ہے تو اس سے پورے ایک خاندان کے کفیل کے ساتھ ساتھ مائننگ سیکٹر بھی متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائننگ سیکٹر اور اس کے قوانین میں بہت ساری خامیاں ہیں اور ان قوانین پر نظرِ ثانی کی ضرورت ہے۔ ہم ابھی تک بنیادی مسائل کو ہی حل نہیں کر سکے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم کانکنی کے پرانے مسائل کو جدید نظر سے نہیں دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کول مائننگ کے سیکٹر کو صحت اور تحفظ اور کانکنوں کو ٹریننگ دینے کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کانوں میں گیسز کی مقدار کا جائزہ لینے کے لیے کوئی کنٹرول سسٹم نہیں ہے اگر کاربن ڈائی آکسائیڈ یا میتھین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو کنٹرول سسٹم کو اسے مانیٹر کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے ہر کان میں فوراً الارم کا انتظام ہو، تاکہ کان کن دھماکہ ہونے سے پہلے کان کو خالی کر سکیں۔ کانکنوں کی اکثریت اندھیرے میں کام کرتے ہوئے نظر ہی نہیں آتی جو ریسکیو آپریشن میں بھی رکاوٹ ہے۔

متعلقہ عنوان :