Live Updates

کلبھوشن کیس ؛ بھارتی وکیل ہریش سالوے فیصلہ سننے نہیں آئیں گے

پاکستان کی طرف سے خاور قریشی فیصلے کے وقت عدالت میں موجود ہوں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 17 جولائی 2019 16:38

کلبھوشن کیس ؛ بھارتی وکیل ہریش سالوے  فیصلہ سننے نہیں آئیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2019ء) : عالمی عدالت انصاف پاکستان میں گرفتاربھارتی جاسوس کمانڈرکلبھوشن یادیوکیس کا فیصلہ آج سنائے گی. عالمی عدالت انصاف کے جج عبدالقوی احمد یوسف فیصلہ پڑھ کرسنائیں گے ، کیس کا فیصلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے سنایا جائے گا‘فیصلہ سننے کیلئے پاکستان کی ٹیم اٹارنی جنرل انورمنصورکی قیادت میں دی ہیگ پہنچ گئی ہے،ڈی جی سارک اور ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل بھی پاکستانی وفد میں شامل ہیں.میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی وکیل ہریش سالوے فیصلہ سننے کے لیے نہیں آئیں گے۔جب کہ پاکستان کی طرف سے خاور قریشی فیصلے کے وقت عدالت میں موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال21 فروری کو ہیگ میں عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت مکمل ہوگئی تھی، پاکستانی وکلا کی جانب سے مزید دلائل دیئے جانے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا. اٹارنی جنرل انور منصور نے عالمی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستان کے عدالتی نظام پر تنقید کا بھرپور جواب دیا، انہوں نے پاکستان کے ملٹری کورٹس اور سول عدالتوں کے متعدد فیصلوں کے حوالے بھی دیئے تھے.

بھارت نے دس مئی 2017 کو عالمی عدالت انصاف میں سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی‘جس کے بعد عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنی رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانبھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو سزا نہیں دی جائے گی. ستمبر 2017 میں بھارت نےعالمی عدالت میں کلبھوشن کیس پر تحریری جواب داخل کیا جبکہ پاکستان نے دسمبر 2017 کوجوابی دعوی میں بھارتی الزامات کومسترد کردیا تھا.

قبل ازیں5 مارچ 2019 کو وزیرِ اعظم عمران خان کو عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی کامیاب پیروی کے سلسلے میں اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی تھی‘ حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی عدالت میں یہ کیس بہت اچھی طرح لڑا گیا، امید ہے پاکستانکی اس میدان میں فتح ہوگی.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات