Live Updates

ملک کو مجبورا آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کردیا گیا ہے،احمد رضا قصوری

حضور اکرم ؐ کا خطبہ جمعتہ الوداع ، حضرت علیؓ کا خط اور قائد اعظم کی11اگست کی تقریر کو ملک کے آئین کا دیباچہ بنایا جائے اس وقت ملک میں صدارتی نظام کامیاب ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ،سربراہ اے پی ایم ایل(جناح) بھارت نے کلبھوشن یادیو کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہے،کراچی ایڈیٹرز کلب کے پروگرام میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب

بدھ 17 جولائی 2019 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) آل پاکستام مسلم لیگ(جناح)کے چیئرمین اور سینئر سیاستدان اور معروف قانون دان احمدرضا قصوری نے کے کہا ہے کہ حضور اکرم ؐ کا خطبہ جمعتہ الوداع ، حضرت علیؓ کا خط اور قائد اعظم کی 11اگست کی تقریر کو ملک کے آئین کا دیباچہ بنایا جائے ، اس سے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ اس وقت ملک میں صدارتی نظام کامیاب ثابت ہوسکتا ہے۔

پاکستان دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے ، اس وقت اسلامی ممالک کو یکجا ہونے اور دلیر قیادت کی ضرورت ہے جو قائد اعظم جیسی شخصیت کا حامل ہو۔ملک کی معاشی ترقی کے لیے کراچی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ۔ملک کو مجبورا آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کردیا گیا ہے۔ احتساب کا عمل جاری رکھنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایڈیٹر ز کے پروگرام میٹ دی ایڈیٹر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں کلب کے صدر مبشر میر، سیکریٹری جنرل منظر نقوی، کرنل(ر) مختار بٹ، فضاشکیل ، مختار عاقل ، ابن حسن، زیڈ ایچ خرم، حمید بھٹو، نعیم الدین ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کلب کے صدر مبشر میر نے کلب کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ اس وقت پاکستان دنیا میں ایک اہم مقام رکھتا ہے، اور میں یہ کہوں گا کہ اگر ہم معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم اور داخلی طور پر محفوظ ہیں ، تو دنیا کی کوئی طاقت ہلا نہیں سکتی۔

جس لیڈر کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہوتی ہے ، اس کا دنیا بھر میں احترام ہوتا ہے ، پاکستان خاص طور پر سی پیک کے حوالے سے کھٹک رہا ہے ، خاص کر امریکہ کو بہت تشویش ہے ، انڈیا نے کلبھوشن یادیو کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہے اور روس کو بھی گرم پانی میں شامل ہونے کا پہلی مرتبہ موقع مل رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ دراصل اگر سی پیک منصوبہ تکمیل تک پہنچتا ہے تو پاکستان کے بجٹ سے زیادہ ٹول ٹیکس ملے گا ۔

پاکستان کے چین سے ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں ، لیکن ہمیں اپنی دلچسپی کو بھی اولیت دینی ہوگی ، اس وقت اسلامی ممالک کو یکجا ہونے اور دلیر قیادت کی ضرورت ہے جو قائد اعظم جیسی شخصیت کا حامل ہو۔ اگر آج مسلم لیڈر خانہ کعبہ میں جمع ہو کر عہد کرلیں کہ امت تک بام عروج تک پہنچائیں گے۔ مکہ ڈیکلریشن پاس کریں تب بات بنے گی، انہوں نے کہا کہ بڑا لیڈر وہی ہوتا ہے کہ جب وہ سفر کرے تو دنیا اس کے انتظار میں کھڑی ہو۔

دریں اثنامختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں سب سے پہلے ملک کا قرضہ اتارنا ہوگا، کراچی جو کہ پاکستان کا معاشی حب ہے، اس کو خصوصی توجہ دینی ہوگی کیونکہ یہ شہر مستحکم ہوگا اور اس سے پورے ملک میں معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جو پیسہ لوٹ کر دوسرے ممالک لے جایا گیا اسے فوری واپس لایا جائے، اگر یہ پیسہ ملک کی معیشت پر لگے گا تو یہ ملک کہیں سے کہیں پہنچ جائے گا ، ملک کو مجبورا آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کردیا گیا ہے۔

احتساب کا عمل جاری رکھنا ہوگا ، درآمدات کم اور برآمدات کو آگے بڑھانا ہوگا ، ملک میں مخلص قیادت کی کمی ہے۔ زراعت اور اکنامی کلچر کو فروغ دینا ہوگا، اسمال انڈسٹریز کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک پاکستان کی ہم پر نظریں گڑی ہوئی ہیں اور اس نے ہمیں دو لخت کیا ، بنگلہ دیش بنوایا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سندھ کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری آپ کس کو دیں گے پر انہوں نے کہا کہ سندھ کی تاریخ مصر سے بھی پرانی ہے ہمیں یہاں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

دراصل پڑھی لکھی قیادت پارلیمانی نظام بہتر کرسکتی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے پارلیمانی جمہوری نظام اس وقت مضبوط ہوسکتا ہے جب اس میں پڑھے لکھے لوگ شامل ہوں۔ امریکہ سمیت بہت سارے ممالک میں پروفیسر حضرات اس کا حصہ بنتے ہیں۔ پوری قوم کی قیادت کرتے ہیں اور آج وہ ملک ترقی کے اس مقام پر ہیں جہاں سے انکا واپس لوٹنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ نامساعد حالات کے پیش نظر موجودہ پاکستان بھی اپنا وجود کھو دینے کے خطرے سے دوچار ہے ،اور اس سنگین صورتحال میں ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے کہ سب مل کر حقیقی پاکستان کے قیام کے لیے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کریں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مسلمانان ہند سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے تاکہ عوام آزادی اور مساوات سے ملکی وسائل سے استعفادہ کر سکیں جبکہ سیاسی طور پر مظبوط ،معاشی طور پر غیر مقروض اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسائل کی وجہ سے عوام پریشان ہے، عوام کی طاقت ،ہمت اور صبر پر مکمل یقین ہے ،اللہ تعالی نے پاکستان کو وافر مقدار میں پانی ،ذرخیز زمین ،توانائی کے ذخیرے،قدرتی وسائل اور عظیم الشان انسانی وسائل سے نوازا ہے ،جن کے بہتر استعمال کے ذریعے ہم ایک باوقار،جدید اور ترقی پسنداسلامی ریاست کی شکل میں دنیا کے دوسرے ممالک کے شانہ بشانہ اپنے قدموں پر کھڑے ہو کرترقی کے بام و عروج پر جا پہنچیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت دھکا اسٹارٹ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت سے عوام کو جو توقعات تھیں وہ ان پر پورا نہیں اتر پائی ہے۔ بعدازاں کلب کے ممبر حمید بھٹو نے مہمان کو سندھ کی سوغات اجرک پہنائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات