ورلڈ بینک کے وفد کا چیچہ وطنی کے مختلف چکوک کادورہ

بدھ 17 جولائی 2019 17:46

ورلڈ بینک کے وفد کا چیچہ وطنی کے مختلف چکوک کادورہ
چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ورلڈ بینک کے وفد کا چیچہ وطنی کے مختلف چکوک کادورہ،جس کی قیادت مسٹر ہانس نے کی۔ اس موقع پر فلوری مارٹی نینٹ،مہرین سعید، عرفان ڈوگر، ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ انور بیگ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد وسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر رانا حبیب الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، اظہر بھٹہ سمیت دیگر مقامی افسران بھی موجود تھے۔

وفد نے دورہ کے دوران فصلوں کی بیمہ (تکافل) سکیم کی کامیابی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے اس سکیم کے بارے میں دریافت کیا۔ سکیم سے استفادہ حاصل کرنے کے دوران درپیش مسائل ودیگر رکاوٹوں کے بارے بھی دریافت کیا اور ان سے سکیم سے حاصل ہونے والے فائدہ بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے سورج مکھی اور کینولہ کے سلسلہ میں جاری سبسڈی سکیموں کی افادیت بارے آگاہی حاصل کی۔

مسٹر ہانس نے کاشتکاروں سے اظہار خیال کے دوران گندم و دیگر اجناس کی فروخت کے سلسلہ میں درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ سورج مکھی اور کھادوں کی سبسڈی کی رقم کی فراہمی کے طریقہ کار بارے بھی معلومات حاصل کیں۔ کاشتکاروں سے گفتگو کے دوران کراپنگ پیٹرن اور فی ایکڑ پیداوار کے متعلق پوچھا۔ اس موقع پر گندم کی خریداری میں سرکاری خریداری سنٹرز اور مڈل مینوں کے کردار بارے آگاہی حاصل کی۔

مسٹر ہانس نے دیگر اضلاع میں بھی جاری اس سکیم کے بارے میں دریافت کیا۔ مسٹر ہانس نے بیمہ اور سبسڈی سکیموں کے طریقہ کار میں رجسٹریشن، نقصان کا اندازہ لگانے اور ازالہ کیلئے وضع کئے گئے نظام، شفافیت اور آن لائن سسٹم کو سراہا۔ وفد میں شامل فلوری مارٹی نینٹ اور مہرین سعید نے بیمہ سکیم ودیگر سبسڈی سکیموں سے استفادہ حاصل کرنے والی خواتین کاشتکاروں کے انٹرویو بھی کئے۔

اس موقع پرڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ انور بیگ نے کہا کہ گزشتہ سال اس سکیم کے تحت چیچہ وطنی میں 1 ہزار986 کپاس کے کاشتکاروں کو پانی کی کمی اور نامساعدموسمی حالات کی وجہ سے ہونے والے پیداواری نقصان کے ازالہ کیلئے 8 ہزار 171 روپے فی ایکڑ کے حساب سے چیک تقسیم کیے گئے۔ اب تک قریبا 2 لاکھ 26 ہزار 832 کاشتکاروں کی فصلات کا بیمہ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پنجاب کے 18 اضلاع میں جاری ہے۔ آئندہ بلاسود قرضہ حاصل نہ کرنیوالے کاشتکاروں کی بھی بیمہ سکیم کیلئے رجسٹریشن کی جارہی ہے۔