اپوزیشن جماعتوں کے ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں قائم کی گئی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس

اسٹیج کی تیاری کا کام بروز منگل سے شروع کر دیا جائے گا ‘ پورے شہر میں بینرز اور پوسٹر آویزاں کئے جائینگے اور استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے

بدھ 17 جولائی 2019 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) 25جولائی کو مزار قائداعظم پر اپوزیشن جماعتوں کے ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں قائم کی گئی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل میں منعقد ہوا۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے سعید غنی اور وقار مہدی، مسلم لیگ ن کے علی اکبر گجر، سلمان خان، جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا عبدالکریم عابد اور مولانا غیاث،اے این پی کے یونس بونیری اور حنیف شاہ، نیشنل پارٹی کے رمضان میمن اور مجید ساجدی، جے یو پی کے حلیم غوری، اسلم عباسی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سکندر خان اور بشیر خان مندوخیل نے شرکت کی۔

اجلاس میں جلسہ عام کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیج کی تیاری کا کام بروز منگل سے شروع کر دیا جائے گا ‘ پورے شہر میں بینرز اور پوسٹر آویزاں کئے جائینگے اور استقبالیہ کیمپ لگائے جائینگے ۔

(جاری ہے)

جلسہ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم ہینڈ بلز اور موبائل پبلیسٹی بھی کی جائے گی ۔ تمام جماعتیں اپنی اپنی رابطہ عوامی مہم چلائینگی ۔

کمیٹی کل سہ پہر تین بجے جلسہ گاہ کے مقام کا دورہ کریگی ۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی جس میں میڈیا کمیٹی میں پی پی پی کے عاجز دھامراہ، اے این پی کے عبدالمالک، پی ایم ایل ن کے خالد شیخ، جے یو پی کے مستقیم نورانی، جے یو آئی کے محمد سمیع سواتی، پختوانخواہ ملی عوامی پارٹی کے سیف افغان اور نیشنل پارٹی کے ایوب قریشی شامل ہونگے۔ اجلاس میںسیلکٹیڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور عوام دشمن رویہ کیخلاف بھرپور عوامی مہم چلائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد جماعتوں کی جانب سے 25 جولائی کے دھاندلی زدہ الیکشن کے ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے‘اپوزیشن اتحاد جماعتیں 25 جولائی 2019 بروز جمعرات کو مزار قائد پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔