Live Updates

سرکاری اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنا میری پہلی ترجیح ہے، فیاض الحسن چوہان

پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے ایک ماہ میں تفصیلی رپورٹ طلب

بدھ 17 جولائی 2019 19:07

سرکاری اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنا میری پہلی ترجیح ہے، فیاض الحسن ..
لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال کئے بغیر ترقی کرنے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ دستیاب سرکاری اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ اور کالونیز برانچ سے ایک ماہ کے اندر جامع سفارشات طلب کر لی گئی ہیں جن کی بنیادپر مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائیگا اور رپورٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو پیش کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ کے دفتر میں محکمانہ امور پر بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ کیپٹن ظفر اقبال اور سیکرٹری زبیر کھرل نے صوبائی وزیر کو بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، استعداد کار اور دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ کو اس کی استعداد کے مطابق استعمال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی بی کو مزید فعال بنا کر اسے ایک منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹائزیشن کے عمل کو عام فہم اور تیز بنایا جائے گا تا کہ سرکاری وسائل اور وقت کا کم سے کم ضیاع ہو۔ انہوں نے پاکستان کو کرپشن سے پاک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق بورڈ کے تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات