Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،

آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان آٹے کی قلت ہو گی نہ قیمت میں اضافہ کرینگے،آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے ، فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کا ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اظہار تشکر

بدھ 17 جولائی 2019 19:40

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات،
لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یہاں وزیراعلیٰ آفس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آٹے کی قلت ہو گی نہ قیمت میں اضافہ کرینگے ۔آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے ۔

فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں ہمارا موقف بہترین انداز میں وفاقی حکومت تک پہنچایا۔ وفد نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے جذبے اور کاوشوں کو سراہتے ہیں اور ہم عوام کو ریلیف دینے کی کاوشوں میں آپ کے شانہ بشانہ چلیں گے۔

(جاری ہے)

سردار عثمان بزدار عام آدمی کے مسائل کا ادراک اور درد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہماری اپنی حکومت ہے اور ہم عوام کی فلاح کے مشن میں حکومت کے سا تھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے آٹے کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

آٹے کے نرخ نہ بڑھانے سے عوام پر معاشی بوجھ نہیں پڑیگا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور آپ کا کوئی بھی مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ میں یہاںصرف عوام کی خدمت کیلئے ہوں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب خان لغاری،ممبر عاصم رضا،سابق چیئرمین میاں ریاض ، سینئرنائب صدر حافظ احمد اور سابق چیئرمین چودھری افتخار شامل تھے۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صنعت ، سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر فوڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات