پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف دفاع کے لیے ہے، وفاقی وزیر شیریں مزاری

بھارت کے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے،پاکستان کو برابری کی بنیاد پر نیوکلیئر سپلائرگروپ کی رکنیت ملنی چاہیے، وفاقی وزیر کا خطاب

بدھ 17 جولائی 2019 20:05

پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف دفاع کے لیے ہے، وفاقی وزیر شیریں مزاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) انسانی حقوق کی وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے،پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اسکے دفاع کے لیے ہے ہم خطہ میں امن کے خواہاں ہیں انتشار نہیں چاہتے۔ وہ بدھ کو یہاں اسلام آباد میں عالمی جوہری عدم پھیلاوً کا نظام، چیلنجز کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔

کانفرنس کی اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیری مزاری نے کہا کہ پاکستان ایٹمی حوالے سے کیے جانے والے معاہدوں کا پابند ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کو برابری کی بنیاد پر نیوکلیئر سپلائرگروپ کی رکنیت ملنی چاہیے اور اس حوالے سے جارحانہ سفارتکاری کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیریں مزاری نے سیمینار میں جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے حوالے سے سات سفارشات بھی پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک عالمی طاقتیں پاکستان کو مسلمہ جوہری قوت تسلیم نہیں کرتیں پاکستان این پی ٹی معاہدے پر دستخط نہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عالمی کے بجائے علاقائی سی ٹی بی ٹی پر مذاکرات کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ کثیر ملکی سول ایٹمی پاور پلانٹس کے قیام پر کام کیا جائے۔

ڈاکٹر شیری مزاری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی معاملات پر مستقل بنیادوں پر سٹریٹجک مذاکرات کا فریم ورک بنایا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر شیری مزاری نے کہاکہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات محفوظ اور عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ کانفرنس سے سیکورٹی پالیسی، آئی اے ای اے کے سربراہ، طارق رئو ف سمیت، ریٹائرڈ سفیر، ضمیر اکرم، بریگیڈیئر زاہد کاظمی، ڈاکٹر رابعہ اختر، خالد بنوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔