ریکوڈک منصوبے بارے تحقیقات کرنیوالا کمیشن ان لوگوں کا بھی تعین کرے جنہوں نے خزانے پر ڈاکہ ڈالااور جان بوجھ کر کیس ہروایا،مولانا عبدالواسع

2018کے انتخابات میں راتوں رات سیاسی جماعتیں بنا کر جمعیت کا مینڈیٹ چھینا گیا، 28جولائی کو ملین مارچ ہماری عوام قوت ظاہر کریگا،چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم کھٹائی میں ڈالنے والی قوتیں زیادہ دیر کامیاب نہیں ہونگی، رکن قومی اسمبلی کی پریس کانفرنس

بدھ 17 جولائی 2019 20:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے تحقیقات کرنے والا کمیشن ان لوگوں کا بھی تعین کرے جنہوں نے خزانے پر ڈاکہ ڈالااور جان بوجھ کر کیس ہروایا ،2018کے انتخابات میں راتوں رات سیاسی جماعتیں بنا کر جمعیت کا مینڈیٹ چھینا گیا، 28جولائی کو ملین مارچ ہماری عوام قوت ظاہر کریگا، 25جولائی کے جلسے کے لئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ،چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم کھٹائی میں ڈالنے والی قوتیں زیادہ دیر کامیاب نہیں ہونگی، ملین مارچ کے بعد تبدیلیاں آئیں گی ،مولانا فضل الرحمن کا دامن صاف ہے انکے خلاف نیب کیسز کی باتیں محض افواہیں ہیں،یہ بات انہوں نے بدھ کو مدرسہ مطلع العلو م کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی مفتی محمود شاہ کے ہمراہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر وکن قومی اسمبلی مولوی کمال الدین ، حافظ خلیل الرحمن ، حافظ زبیر احمد ،سابق رکن قومی اسمبلی عثمان بادینی، جمعیت علماء اسلام کے مختلف اضلاع کے امیر و دیگر بھی موجود تھے، مولانا عبدالواسع نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ریکودک کیس کا فیصلہ آیا ہے جس میں پاکستان پر 6ارب ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے یہ جرمانہ ان لوگوں کی وجہ سے عائد ہوا جنہوں نے بلوچستان کے وسائل اور خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہے انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد نواب اسلم خان رئیسانی کی حکومت میں کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ ریکوڈ ک منصوبے صوبے کے ساتھ ناانصافی کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے معاہدے کے مطابق صوبے کو25فیصد دئیے جائیں جبکہ دیگر اخراجات ٹی سی سی خود اٹھائے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا بعد میں سپریم کورٹ نے بھی صوبے کے حق میں فیصلہ دیا اس کے بعد کیس لند ن میں شروع ہوا تو پاکستان کا موقف مضبوط تھا اور ہمیں کامیابی مل رہی تھی لیکن بعد میں کچھ قوتوں نے یہ محسوس کیا کہ بلوچستان جیت گیا تو عالمی مافیا کی شکست ہوگی یہی وجہ ہے کہ نواب اسلم رئیسانی کی منتخب حکومت کو ختم کیا گیا اور ان پر خود کش حملہ بھی اسی وجہ سے کیا گیا تاہم حکومت ختم کرنے کے لئے مری آباد دھماکے کا جواز بنایا گیا انہوں نے کہا کہ ریکوڈ ک پر مربوط موقف پیش کرنے کی وجہ سے جمعیت علماء اسلام کو اگلا الیکشن ہروا کر قوم پرستوں کی حکومت قائم کی گئی اور کیس کو اسی حکومت میں خراب کیا گیا اس کے بعد 2018کے انتخابات میں ایک بار پھر بلوچستان عوامی پارٹی بنائی گئی تاکہ جمعیت علماء اسلام حکومت میں نہ آسکے ہم پر راتوں رات بنائی جانے والی جماعت کی حکومت مسلط کی گئی اس حکومت نے کیس کو ہروایا انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کا فیصلہ آتے ہی اچانک ٹیتھیان کمپنی نے مذاکرات کی پیش کش کردی ہے اور پرانے معاہدے کو برقرار رکھنے کی بات کی جارہی ہے یہ سب عوام کے دیکھاوے کے لئے ہے اور ہماری آنکھوں میں دھول جھونکا جا رہا ہے حکومت پرانی تنخواہ پر کام کر رہی ہے ہمیں معلوم ہے یہ سب کچھ ملی بھگت سے ہو رہا ہے، عوا م نے حکومت کی اس ساز ش کو مسترد کردیا ہے اور ہم واضح کرتے ہیں کہ نہ 6 ارب ڈالر جرمانے اور نہ ہی مذاکرات کو تسلیم کریں گے ہم تمام قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم یہ فراڈ تسلیم نہیں کریں گے ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالواسع نے کہا کہ 28جولائی کو کوئٹہ میں ملین مارچ ہونے جارہا ہے جس میں شہر میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں رہے گی کوئٹہ کی تمام شاہراہوں پر لوگ ہی لوگ ہونگے عوام ملین مارچ میں بھر پور شرکت کرے جبکہ میڈیا کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف میڈیا بھی ہمارا ساتھ دے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلا م نے حکومت سے متعلق جو پیش گوئیاں ایک سال قبل تھیں جن میں مہنگائی ، بے روزگاری سر فہرست ہیں آج سچ ثابت ہورہی ہیں حکومت سے بیورکریسی ، عوام ،کسان سمیت ہر طبقہ تنگ آچکا ہے لوگ فاقے کر نے پر مجبو رہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرر ہی ہیں انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو آل پارٹیز کے یوم سیاہ کے جلسے کی تیاریاں بھی جاری ہیں اس حوالے سے دیگر جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ، مولانا عبدالواسع نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جمہوری قوتوں نے آل پارٹیز کانفر نس کے بعد مشترکہ جدوجہد شروع کی ہے جس کے نتیجے میں چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی ہے جن قوتوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے وہ تحریک عدم اعتماد کو کھٹائی میں ڈال رہی ہیں وہ ایساکب تک کریں گے ہم جمہوری سفر جاری رکھیں گے اور تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنائیں گے انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے قائم کردہ کمیشن ان لوگوں کا تعین کرے جنہوں نے خزانے کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹا ہے انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے بغیر سی پیک ادھورا ہے 65ارب ڈالر کی سرمایہ کاری صرف گوادر کی وجہ سے آئی ہے ماضی میں حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا تھاکہ مغربی روٹ کو ترجیح دی جائیگی لیکن ملک کے دیگر تمام حصوں میں ترقیاتی ہوئے تاہم مغربی روٹ پر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، خضدار، گوادر، قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں جو صنعتی زون بننے تھے وہ بھی تاخیر کا شکار ہیں جبکہ سیندک منصوبے سے بھی صوبے کو کچھ حاصل نہیں ہو رہا ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کے بعد تبدیلیاں آئیں گی صوبے میں بھی تبدیلی آسکتی ہے ، چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کے حوالے سے سردار اخترمینگل سے بات کریں گے وہ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن میں ہمارے اتحادی بھی ہیں تاہم بات چیت کا اختیار رہبر کمیٹی کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف نیب کیسز کی باتیں افواہیں ہیں ایسے 100نوٹسز آتے جاتے رہتے ہیں ہم کہتے ہیں اگرہمارے خلاف کوئی ثبوت ہے تو گرفتار کرلیں لیکن ہمارا دامن صاف ہے ہمیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔