مصنوعی بالوں میں کوکین چھپانے والا سمگلر بارسلونا ائرپورٹ پر گرفتار

حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریبا ایک پائونڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی

بدھ 17 جولائی 2019 21:57

میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2019ء) مصنوعی بالوں) میں کوکین چھپانے والے اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا، جس کا تعلق جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے ہے۔تفصیلات کے مطابق منشیات کے اسمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اسپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریبا ایک پانڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کوا سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی اہلکاروں نے اسمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پانڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔

پولیس نے اسے آپریشن ٹوپی یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے، اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا،گرفتار ہونے والے 65 سالہ اسمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپین کے جنوبی امریکا اور خصوصا کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، اسپین کو یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔

اسمگلر کوکین کی اسمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کیمطابق حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں کو ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔