معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے یو ایس۔پاکستان بزنس کونسل کے اعلی وفد کی ملاقات

بدھ 17 جولائی 2019 23:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بدھ کو وزیراعظم سکرٹریٹ میں ڈاکٹر محمود خان کی سربراہی میں یو ایس۔پاکستان بزنس کونسل (یو ایس پی بی سی) کے اعلی وفد سے ملاقات کی۔ وفد کا اہم مقصد امریکہ اور پاکستان کے مابین سرمایہ کاری کی مضبوطی اور بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سماجی شعبے سمیت تعاون اور سرمایہ کاری کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وفد کو احساس فریم ورک اور اس پر عملدرآمد کیلئے پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔ یو ایس پی بی سی کی جانب سے کوکا کولا کمپنی، گلوبل لاجسٹک، فیس بک، ہیکیٹ انرجی، ایکسون موبائل، سٹی گروپ، جنرل الیکٹرک، جیلیڈ سائنس اور اُوبر کے ممبران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے سیکرٹری پاورٹی ایلیویشن اینڈ سوشل سفیٹی ڈویژن شائستہ سہیل، سیکرٹری بورڈ آف انویسمنٹ محمد سلیم رانجھا، سیکرٹری بینطیر انکم سپورٹ پروگرام علی رضا بھٹہ اور ایڈیشنل سیکرٹری پاسڈ کیپٹن اسد نے ملاقات میں شرکت کی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پاکستان دورے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے احساس کے فریم ورک کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حکومتی پروگرام ہے جو فلاحی ریاست کی تخلیق، مالی نظام میں شمولیت کے فروغ، ڈیجیٹل سروسز تک رسائی، خواتین کی معاشی بااختیاری، غربت کے خاتمے کیلئے انسانی سرمائے کے مرکزی کردار پر توجہ، اقتصادی اور پائیدار ترقی، صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہے۔

یو ایس پی بی سی نے پرائیویٹ سیکٹر کومصروف کرنے کیلئے نیا اور حوصلہ افزاء ماحول پیداکرنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے موثر اقدامات پر بے حد سراہا۔ انہوں نے پسماندہ علاقوں میں غربت کے خاتمے، بالخصوص پرائمری ہیلتھ کیئر، تولیدی صحت، ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی کے خاتمے کیلئے ہسپتال اور تشخیصی آلات کیلئے سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

مزید برآں، زراعت، دوردراز علاقوں میں خواتین کی ڈیجیٹل اور مالی نظام میں شمولیت، غریب افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے آن لائن پلیٹ فارم اور بالخصوص خواتین کی ایک باعزت طریقے سے روزی کمانے کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کی حکمت عملی حتمی مراحل میں ہے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ وفد نے پبلک پرائیویٹ شراکت داری میں سہولت کیلئے اشتراک کے نئے طریقہ کار تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔