کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے. شاہ محمود قریشی

یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے. ڈاکٹر محمد فیصل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 جولائی 2019 21:01

کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے. شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جولائی۔2019ء) پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے. تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کمانڈر یادیو پاکستان کے پاس ہی رہے گا‘انھوں نے کہا کہ کلبھوشن کے ساتھ برتاﺅ پاکستانی قوانین کے مطابق ہوگا، یہ فیصلہ پاکستانی موقف کی جیت ہے.

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عالمی عدالت نے کلبھوشن یادیو کی رہائی کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے.

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بطور ذمہ دار ممبر قانون کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اسی عزم کے تحت پاکستان معزز عدالت میں پیش بھی ہوا.

عالمی عدالت میں پیش ہونے کیلئے پاکستان کو بہت مختصر نوٹس ملا تھا، ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کے فیصلے کے بعد پاکستان قانون کے مطابق آگے چلے گا. جاسوس کلبھوشن یادیو بغیر ویزہ بھارتی پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان آیا تھا، گرفتاری کے بعد اس کی جعلی شناخت حسین مبارک پٹیل کے نام سے ہوئی تھی، کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور کئی دہشت گرد وارداتوں میں ملوث رہا ہے.

ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ کلبھوشن نے تمام الزامات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو قبول کیا ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے. خیال رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی، ججز کے پینل نے پاکستان کے موقف کو درست قرار دیتے ہوئے سزا ختم کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی ہے.