کلبھوشن یادیو رہا نہیں ہو گا جو کہ پاکستان کی فتح ہے، اٹارنی جنرل آف پاکستان

کلبھوشن کو حسین مبارک پٹیل کے نام کا پاسپورٹ بھارتی حکومت نے جاری کیا وہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل

بدھ 17 جولائی 2019 21:18

کلبھوشن یادیو رہا نہیں ہو گا جو کہ پاکستان کی فتح ہے، اٹارنی جنرل آف ..
دی ہیگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2019ء) اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے واضح کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو رہا نہیں ہو گا جو کہ پاکستان کی فتح ہے، ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کلبھوشن کو حسین مبارک پٹیل کے نام کا پاسپورٹ بھارتی حکومت نے جاری کیا وہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل انور منصور خان کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے واضح طور پر کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو رہا نہیں ہو گا تاہم اس کیس پر نظرثانی کی جائے، کلبھوشن یادیو کی بریت کی درخواست کا رد ہونا پاکستان کی جیت ہے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی درخواست رد ہوگئی ہے، وہ حسین مبارک پٹیل کے نام سے جعلی دستاویزات پر پاکستان میں داخل ہوا وہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے، اس کو حسین مبارک پٹیل کا پاسپورٹ بھارتی حکومت نے جاری کیا، کلبھوشن یادیو دہشتگردی اور جاسوسی کی کاروائیوں میں ملوث رہا اس کی کاروائیوں سے سینکڑوں معصوم لوگ لقمہ اجل بنے، کلبھوشن یادیو بھی اپنی دہشتگردانہ کاروائیوں کا اعتراف جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے کر چکا ہے، کلبھوشن یادیو کا کیس بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔

۔