واٹربورڈ کے اقدامات سے بلدیہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے،عمائدین بلدیہ ٹائون

بدھ 17 جولائی 2019 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2019ء) بلدیہ ٹاؤن کے عمائدین نے بلدیہ میں پانی کی فراہمی میں بہتری پر ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹربورڈ کے اقدامات سے بلدیہ کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے ، پانی کی چوری روکنے کیلئے واٹربورڈ کے اقدامات قابل تحسین ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈکی شہر کو پانی کی منصفانہ تقسیم و فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے جلد بلدیہ کے دیگر علاقوں کو بھی پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور سیوریج کے مسائل جلد حل کیئے جائیں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے مذکورہ لائن کو مزید وسط دے کر دیگر علاقوںتک بچھانے کا اعلان کردیا ہے ،واٹربورڈ اور علاقہ عمائدین بلدیہ کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں پرغیرقانونی تعمیرات کاجائزہ لینے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے مشترکہ دورہ کریں گے ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے عمائدین کے ایک وفد نے وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی حلقہ 249فیصل واڈا کے کوآرڈینیٹر فیصل رضی کی قیادت میں ایم ڈی واٹربور ڈ انجینئر اسد اللہ خان سے ملاقات کی ، اس موقع پرواٹربورڈ کے انجینئرزاور افسران کے ساتھ منعقدہ مشترکہ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کی جانب سے سی روڈ ناظم آباد سے بلدیہ نمبر 3تک ڈالی جانے والی 24انچ قطر کی پائپ لائن سے بلدیہ ٹاؤ ن کے متعددعلاقوں میں پانی کی فراہمی قابل اطمینا ن حد تک بہتر ہوگئی ہے ، لائن زیر زمین کے بجائے سطح زمین کے اوپر بچھائے جانے کے باعث مذکورہ لائن سے پانی کی چوری کا مکمل خاتمہ اور امکانات معدم ہوگئے ہیں ،ان اقدامات پر ایم ڈی واٹربورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ واٹربورڈبلدیہ ٹاؤن کے دیگر علاقوںمیں پانی کی فراہمی کیلئے بھی ضروری اقدامات کرے گا ،اس موقع پروفدنے ایم ڈی واٹربورڈ کوبلدیہ کے دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا انہوں نے مطالبہ کیاکہ سی ایریا ناظم آبادسے بلدیہ تک ڈالی جانے والی پانی کی لائن کووسط دی جائے جس کی بدولت بلدیہ کے دیگر علاقوں میں بھی پانی کی فراہمی بہتر ہوجائے ایم ڈی واٹربورڈ نے مذکورہ لائن کو وسط دینے کی منظوری کا اعلان کردیا اور وفد کی جانب سے فراہمی ونکاسی آب کے پیش کردہ مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کردیں،انہوں نے واٹربورڈ کے متعلقہ انجینئرز و افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ بلدیہ ٹاؤن کے پانی وسیوریج کے مسائل کے حل کیلئے عمائدین کے ساتھ علاقہ کا مشترکہ دورہ کریں اور مکمل رپورٹ تیارکرکے ایم ڈی سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں، اجلاس میں واٹربورڈ کے ڈپٹی چیف انجینئر سعید شیخ ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ظفر پلیجو ، اسلم اعوان ،ایگزیکٹوانجینئر مظہرحسین ، آغااحمددرانی اور مشتاق احمدموجود تھے ۔

#