Live Updates

پاک افغان سرحدپر طورخم بارڈر کو آمد ورفت کے لئے 24 گھنٹے کھولنے کے انتظامات مکمل،وزیر اعظم جلد باضابطہ افتتاح کریں گے،تیمور سلیم جھگڑا

Hطورخم بارڈر کے 24 گھنٹے کھلے رہنے سے سرحد کے دونوں پار عوام کو آمد و رفت میں آسانی فراہم ہونے کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو بھی فروغ ملے گا،طورخم بارڈر کے ذریعے تجارت سے خیبر پختونخوا اور باالخصوص ضلع خیبر میں اقتصاد ی سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ معاشی ترقی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی، خیبر پختونخوا حکومت نے طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کے لئے اپنی بساط سے بڑھ کربھرپور کردار ادا کیا ہے،وزیر خزانہ خیبر پختونخوا

بدھ 17 جولائی 2019 22:20

پاک افغان سرحدپر طورخم بارڈر کو آمد ورفت کے لئے 24 گھنٹے کھولنے کے انتظامات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2019ء) جنوری 2019 میں وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی احکامات کے تحت پاک افغان سرحد پر ضلع خیبر سے متصل طورخم بارڈر کو آمد ورفت کے لئے 24 گھنٹے کھلا رکنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں کے حکام کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس خیبر پختونخواکے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر،فیڈرل بورڈ آف ریونیو،وفاقی تحقیقاتی اداری( ایف آئی ای)،نیشنل لاجسٹک سیل(این ایل سی) فرنٹیئر کور اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے متعلقہ حکام شریک تھے۔اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے احکامت کی روشنی میں ڈسٹرکٹ خیبر کی ضلع انتظامیہ،ایف بی آر اور ایف آئی اے کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں نے طورخم کے تاریخی اہمیت کے حامل بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھولنے کے لئے اپنی بساط سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے،انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ وفاقی اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھلنے سے سرحد کے دونوں پار نہ لوگوں کی اور نہ ہی مال بردار گاڑیوں کی قطاریں بنیں گی ۔انہوں نے کہا کہ طورخم پاکستان کی سب سے مصروف بین الاقوامی سرحد ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار سے زائد افراد اور ایک ہزار سے زائد مال بردار گاڑیاں آمد ورفت کرتی ہیں،جس کے لئے بارڈر کا 8 سے 10 گھنٹے روزانہ کھلا رکھنا ناکافی ہے،ہمہ وقت بارڈر کو کھولنا خطے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔

تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کا وزیژن اور دور اندیشی تھی جنہوں نے 6 ماہ قبل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر کھولنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہمہ وقت بارڈر کھلنے سے پاکستان اور افغانستان دونوں برادر ممالک کے مابین دو طرفہ تجارت کو فروغ ملنے کے ساتھ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلقات اورروابط بڑھانے میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔

وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے انہوں نے کہا کہ وزیر متوقع طور پر اگلے مہینے بارڈر کھولنے کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر ہمہ وقت کھلنے سے افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات فروغ پانے کے علاوہ خیبر پختونخوا اور باالخصوص ضلع خیبر میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات