Live Updates

وزارت مواصلات کا خرچ ملکی تاریخ میں پہلی بار صفر ہو گیا

مراد سعید نے اربوں روپے کما کر وزارت خزانہ میں جمع کرا دیے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 18 جولائی 2019 06:11

وزارت مواصلات کا خرچ ملکی تاریخ میں پہلی بار صفر ہو گیا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2019ء)   وزیراعظم عمران خان نے کرپشن سے پاک پاکستان کے نعرے کے بعد جو نعرہ زور شور سے لگایا وہ سادگی اور کم وسائل کے استعمال کا تھا۔عمران خان کے اس نعرے پر اس کے اگر کسی وزیر نے عمل کیاہے تو وہ نوجوان مراد سعید ہیں۔مراد سعید نے اپنی وزارت میں نہ تو حکومتی خزانے سے امداد طلب کی اور نہ ہی اضافی پیسے خرچ کیے بلکہ اپنے محکمے کی کمائی دس مہینوں میں بڑھا کر اربوں روپے تک لے جا کر اسے منافع بخش بھی بنا دیا ہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزارت کا اب تک کا خرچ صفر ہوگیا، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گزشتہ 11 ماہ میں قومی خزانے سے کوئی رقم استعمال نہیں کی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارتوں کے اخراجات میں کمی کے احکامات پر بھرپور عملدر آمد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے وزارت مواصلات کی 11 ماہ کی کارکردگی پر رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ کے مطابق وزارت مواصلات کی آمدن میں 51 فیصد سے زائد ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔

صرف 11 ماہ میں وزارت کا ریونیو 43 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سابقہ دور میں وزیر اور پارلیمانی سیکرٹری نے لاکھوں روپے محض بطور ٹی اے ڈی اے وصول کیے۔ سابق پارلیمانی سیکرٹری نے 48 لاکھ 52 ہزار اور وزیر نے 35 لاکھ 91 ہزار روپے خرچ کیے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق دور میں صرف گاڑی اور پٹرول کا خرچ ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد تھا۔

جبکہ انہی مد میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اب تک قومی خزانے سے کوئی رقم استعمال نہیں کی۔جبکہ 11 ماہ میں 7 ارب کی رقم ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی۔ انسداد تجاوزات مہم کے ذریعے اربوں روپے ریکور کیے گئے۔ اس کے برعکس گزشتہ دور حکومت میں ریکوری کی مد میں کوئی رقم جمع نہیں کی گئی۔ وزارت مواصلات کے منصوبوں میں شفافیت کے لیے بھی جدید نظام متعارف کروایا گیا۔ ای بلنگ، ای ٹینڈرنگ اور موبائل ایپ جیسی سہولتوں سے شفافیت کو بڑھایا گیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات