میرا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہے، یہ ایک جدوجہد ہے

اگر میرا کوئی ذاتی مقصد ہوتا تو وہ راستہ بھی مجھے آتا ہے جس میں آپ کو جوتے صاف کرنا پڑتے ہیں۔ مریم نواز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 11:12

میرا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہے، یہ ایک جدوجہد ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے حال ہی میں دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میرا کوئی ذاتی مقصد نہیں ہے۔ یہ ایک جدوجہد ہے جو میں کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوئی ایسا ذاتی مقصد نہیں ہے جسے میں کامیابی اور ناکامی میں تولوں۔ اگر میرا کوئی ذاتی مقصد ہوتا اور میں سوچتی کہ میں نے یہاں پہنچنا ہے تو اُس میں پھر میں نے یہ راستہ نہیں اپنانا تھا۔

کیونکہ دوسرا راستہ بھی مجھے آتا ہے۔ وہ راستہ بہت سارے لوگ آج بھی لیتے ہیں اور وہ راستہ بہت آسان ہے۔ اُس میں صرف آپ کو ہاتھ جوڑنے پڑتے ہیں، اُس میں صرف آپ کو اپنی عزت نفس قربان کرنا پڑتی ہے۔ اُس میں صرف آپ کو جوتے صاف کرنا پڑتے ہیں۔ وہ آسان راستہ ہے ، وہ مجھے بھی بہت اچھے طریقے سے آتا ہے۔

(جاری ہے)

آپ یہ نہ سمجھیں کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ جس راستے کا میں نے انتخاب کیا ہے اُس میں اتنی مشکلات ہیں۔

مجھے پوری طرح اس چیز کا اندازہ تھا اور اُس کے باوجود میں نے اس راستے کا انتخاب کیا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز حال ہی میں سیاست میں کافی زیادہ متحرک ہوئی ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے۔ دو روز قبل مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریلیوں میں نواز شریف کی رہائی اور رول اف لاء کا معاملہ اُٹھاؤں گی، آزادی اظہار، عوامی نمائندوں کو سزا دلوانے کے ہتھکنڈوں کے خلاف آواز بلند کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈنٹ کی چوری اور سلیکٹڈ کو مسلط کرنے پر بھی احتجاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہر وہ شہری جو ایک آزاد ، خود مختار اور جمہوری ملک میں رہنا چاہتا ہے آئے اور ہمارے ساتھ شامل ہو جائے۔ یہ وطن امانت ہے اور تم امیں لوگو!
ایک اور ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ جج واپس بھیج دیا گیا مگر نواز شریف بے گناہ ہونے کے باوجود آج بھی قید ہے! واہ رے انصاف!
مریم نواز نے کہا کہ شیر آئے گا اور ضرور آئے گا انشاءاللہ۔

آ رہا ہے! لوگو انصاف کے لیے آواز اٹھاؤ۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے یہ ٹویٹر پیغامات دیکھ کر صاف واضح ہو گیا کہ مسلم لیگ ن ایک مرتبہ پھر سے احتجاجی سیاست کی جانب چل نکلی ہے۔