دُبئی :پولیس پر حملہ کرنے والے یورپی شخص کو گرفتار کر لیا گیا

ملزم کے خلاف ہمسائے نے شکایت کی تھی کہ وہ اُونچی آواز میں میوزک لگا کر پڑوسیوں کی نیند خراب کرتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 جولائی 2019 11:16

دُبئی :پولیس پر حملہ کرنے والے یورپی شخص کو گرفتار کر لیا گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جولائی 2019ء ) دُبئی پولیس نے ایک بوسنیائی شخص کو ایک پولیس اہلکار پر حملہ آور ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیاہے۔ ملزم کے خلاف اُس کے فلپائنی ہمسائے نے شکایت درج کرائی تھی کہ وہ اُونچی آواز میں میوزک لگا کر پڑوسیوں کی نیند خراب کرتا ہے ۔ جب پولیس اہلکار اُسے گرفتار کرنے گیا تو ملزم نے گرفتاری دینے کی بجائے اُس پر حملہ کر ڈالا۔

بعد میں جبلِ علی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ 44 سالہ ملزم پر استغاثہ کی جانب سے آن ڈیوٹی پولیس اہلکار کی مار پیٹ کرنے اور بغیر لائسنس نشہ استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم ملزم نے عدالت میں اس بات سے انکار کر دیا کہ اُس نے آن ڈیوٹی پولیس اہلکار کی مار پیٹ کی ہے اور وقوعے کے وقت نشہ کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ مُدعی پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ اُنہیں ملزم کے خلاف ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ وہ اپنی رہائش گاہ پر انتہائی اُونچی آواز میں میوزک لگا کر آس پاس کے لوگوں کے آرام اورنیند میں رکاوٹ پیدا کر رہا ہے۔

جیسے ہی ملزم نے دروازہ کھول کر پولیس کو دیکھا تو غصّے سے پھٹ پڑا کہ ہم یہاں کیا کرنے آئے ہیں۔ اُس کے بولنے سے پتا لگ رہا تھا کہ وہ نشے کی حالت میں ہے۔ جب ملزم کو سمجھایا گیا کہ اُس کے خلاف ہمسایوں نے شکایت درج کرائی ہے، وہ اس معاملے کو ابھی پیار سے سُلجھا دے اور اُونچی آواز میں میوزک سُننا بند کر دے۔ تاہم نشے میں مخمور ملزم اس بات پر بھڑک اُٹھا اور پولیس اہلکار کو دھکے دینے لگا۔ رہائشی بلڈنگ کے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ نے بھی پولیس اہلکار کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے نشہ کر رکھا تھا اور پولیس اہلکار سے بہت بدتمیزی سے پیش آیا اور اُسے دھکّے بھی دیئے۔ اس مقدمے کا کا فیصلہ 22 جُولائی 2019ء کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :