امارات کی سڑکوں پر گاڑیوں کے کرتب دکھانے والے تینوں نوجوان گرفتار

ملزمان نے گاڑیوں کے خطرناک کرتبوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 جولائی 2019 11:41

امارات کی سڑکوں پر گاڑیوں کے کرتب دکھانے والے تینوں نوجوان گرفتار
فجیرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جولائی 2019ء) گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں تین اماراتی نوجوانوں کو ایک اماراتی شاہراہ پر گاڑیوں کی رِیس اور مختلف خطرناک اسٹنٹس کرتے دکھایا گیا تھا۔ ان نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ کے باعث سڑک پر سے گزرنے والے دیگر ڈرائیورز کو بھی ڈرائیونگ میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور اُن کی اپنی زندگی بھی خطرے میں محسوس ہو رہی تھی۔

نوجوانوں نے اماراتی ریاست بادیہ اور حلال کے علاقوں میں گاڑیوں کے خطرناک اسٹنٹس کیے جس سے ہائی ویز کے کچھ حصّے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ فجیرہ پولیس کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیر محمد بن نایا التُناجی نے بتایا کہ ان نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیور نہ صرف ان کی ذات بلکہ دُوسرے ڈرائیورز کے لیے بھی شدید خطرے کا باعث بنی جبکہ اس سے علاقے کی قیمتی املاک کو بھی نقصان پہنچنے کا شدید خدشہ تھا۔

(جاری ہے)

ان تینوں نوجوانوں کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کر کے فجیرہ ٹریفک پراسکیوشن کے حوالے کیا گیا۔ جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ ان خطرناک اسٹنٹس میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ ان تینوں ڈرائیورز پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ کیونکہ ان کے اسٹنٹس کے دوران سڑک کے ایک حصّے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ بریگیڈیر محمد التُناجی نے بتایا کہ اُن علاقوں میں خاص طور پر پولیس کی پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے جہاں پر نوجوان ڈرائیورز اس طرح کے خطرناک اسٹنٹس کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خاص نظر رکھیں اور اُنہیں ٹریفک قواعد و ضوابط کا احترام کرنا سکھائیں۔