فوجی گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون اور بچی کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے

واقعے میں چار سالہ بچہ یاسین دین جو پولیو میں مبتلا ہے اور بول بھی نہیں سکتا شدید زخمی ہو گیا

جمعرات 18 جولائی 2019 12:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں لوگوںنے ایک فوجی گاڑی کی ٹکر سے ضلع راجوری میں ایک کشمیری خاتون اور اس کی سات سالہ بھتیجی کے جاںبحق ہونے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 35سالہ کنیز بیگم اور اسکی سات سالہ بھتیجی روبیہ کوثر ضلع میں نوشہرہ کے علاقے قلعہ درہال لام میں فوجی گاڑی کی ٹکر سے جاںبحق ہو گئی تھیں۔

ایک پولیس اہلکار کے مطابق فوجی گاڑی کی ٹکر کے بعد روبیہ کوثر موقع پر بھی دم توڑ گئی جبکہ کنیزبیگم ہسپتال میں زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی ۔ واقعے میں چار سالہ بچہ یاسین دین جو پولیو میں مبتلا ہے اور بول بھی نہیں سکتا شدید زخمی ہو گیا ۔ یاسین دین ہسپتال میں داخل ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

لوگوںنے اس واقعے کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور سڑک بلاک کر دی ۔

مظاہرین خاتون اور اسکی بھتیجی کے قتل میں ملوث فوجی ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ ادھربارہمولہ قصبے میں کشمیری نوجوان عدنان احمد چنا کے قتل کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے بھارتی فوجیوں نے پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعما ل کیا جس سے بارہ سے زائد نوجوان زخمی ہو گئے ۔عدنان کو بھارتی فوجیوںنے گزشتہ روز سوپور قصبے کے علاقے براٹھ گنڈ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کردیا تھا ۔نوجوان کی شہادت پر علاقے میں ہڑتال جاری ہے۔