Live Updates

وزیراعظم کے دورہ لاہور کے دوران اہم فیصلے متوقع

پنجاب کابینہ کے وزراء کی کارگردگی کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کی جائے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 جولائی 2019 11:50

وزیراعظم کے دورہ لاہور کے دوران اہم فیصلے متوقع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : وزیراعظم عمران خان (آج) جمعرات کو لاہور کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان لاہور میں مصروف دن گزاریں گے اور اہم اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔وزیراعظم لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندگان سے ملاقات کریں گے۔ وہ پنجاب میں صنعتی شعبے کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیں گے۔

وزیراعظم صحت، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں اٹھائے جانے والے اقدامات، صنعتی زون کے قیام اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران انہیں پنجاب کابینہ کے وزراء کی کارگردگی کی رپورٹ پیش کی جائے گی جس کے بعد اہم فیصلے بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور خوش آئندہ ہے۔وہ پنجاب کو مثالی صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔عمران خان کے دورے کے دوران اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔ یاد رہے اس سے قبل 19 اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے مختلف اداروں سے پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی اور کہا جارہا تھا چھ صوبائی وزرا کے محکمے بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے، تبدیل ہونے والے محکموں میں وزارت صحت، خوراک، جیل خانہ جات، توانائی، لیبر، ایکسائز شامل تھیں۔

وزیر سوشل ویلفئیر اور بیت المال اجمل چیمہ کی کارکردگی بھی ناقص قرار دے دی گئی تھی۔کچھ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی بجائے خفیہ اداروں سے وزرا کی کارکردگی کی رپورٹس طلب کیں تھیں جس کے بعد پنجاب کے سات کابینہ اراکین کی وزارتوں کا قلمدان تبدیل کرنے اور نئے مشیر شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا جبکہ بیوروکریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہونے کا بتایا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات