دنیا بھر کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد جاری کر دی گئی، امریکا

جمعرات 18 جولائی 2019 12:11

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) دنیا بھر کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے وائٹ ہاؤس کے منصوبے کے تحت 22 ممالک کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی امداد دی گئی ہے۔ اس پراجیکٹ کی سرپرستی امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے (یو ایس ایڈ) کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے انتہائی اہم ذمہ داری ہے۔

امریکی صدرکی بیٹی نے کہا ہے کہ ان ملکوں پر نظر ڈالنے کی ضرورت ہے جہاں جنس کی بنیاد پر امتیاز برتا جاتا ہے۔ ایوانکا نے کہا ہے عالمی سطح پر خواتین کی بہبود اور خوشحالی کے اس منصوبے کا فروری میں اعلان کیا گیا تھا جس کے لیے یو ایس ایڈ نے پانچ کروڑ ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری کی تھی ۔

(جاری ہے)

2025ء تک ترقی پذیر ملکوں کی پانچ کروڑ خواتین کو منصوبے میں شریک کیا جائے گا جس کے لئے امریکی حکومت سرگرم عمل ہو گی اور نجی وسرکاری شراکت داری کے عمل کو فروغ دیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں ایک فنڈ قائم کرکے کاروباری اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کو شراکت داری شامل کیا جائے گا۔ ایوانکا نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر بہت خوشی ہے کہ آئیوری کوسٹ کی جانب سے شادی سے متعلق قانون میں تبدیلی کی گئی ہے جس کی رو سے اب خواتین کو وراثت میں حصہ ملے گا اور وہ پراپرٹی خرید سکیں گی جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا