فرانسیسی ارب پتی برنارڈ آرنالٹ نے بل گیٹس سے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کا اعزاز چھین لیا

جمعرات 18 جولائی 2019 12:11

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) پرتعیش اشیاء بنانے والی فرانسیسی کمپنی ایل وی ایچ ایم کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو ارب پتی برنارڈ آرنالٹ نے امریکیکمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھین لیا۔بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق گذشتہ 7 سال کے دوران بل گیٹس تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

انڈیکس کے مطابق آرنالٹ کے مالیاتی اثاثوں کا حجم بڑھ کر107.6 ارب ڈالر ہو گیا جو بل گیٹس کے مالیاتی اثاثوں کے حجم سے 200 ملین ڈالر زیادہ ہے ۔ برنارڈ آرنالٹ کی آمدنی میں صرف رواں سال تقریباً 39ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ دنیا کی امیر ترین شخصیات کی اس فہرست میں ایمیزون کے چیف ایگزیٹو آفیسر جیف بیزوس125ارب ڈالر کے مالیاتی اثاثوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

برنارٖڈ آرنالٹ نے پرتعیش اشیاء بنانے والی کمپنی ایل وی ایچ ایم بنا کر گلوبل لگژری پاور ہائوس میں نام کمایا ہے اور وہ رواں سال اس وقت خبروں کی زینت بنے ہیں جب انہوں نے پیرس نوٹرے ڈیم کیتھڈرل کی تعمیر نو کے لئے 20 کروڑ یورو عطیہ کئے۔ واضح رہے کہ بل گیٹس نے رواں سال 35 ارب ڈالر کی خطیر رقم خیراتی مقاصد کے لئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس کو عطیہ کی ہے۔ اگر وہ بھاری رقوم خیراتی اداروں کو عطیہ نہ کرتے تو اب بھی دنیا کے امیر ترین شخص ہوتے۔