19جولائی کادن کشمیریوں کیلئے ایک تاریخ ساز دن ہے ‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے جو انکی کشمیریوں کے ساتھ جذباتی وابستگی کا مظہر ہے

جمعرات 18 جولائی 2019 12:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 19جولائی کادن کشمیریوں کیلئے ایک تاریخ ساز دن ہے جب انہوں نے قیام پاکستان سے قبل اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا۔ 19جولائی1947 کو کشمیریوں نے قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے اپنے مستقبل کا تعین کر دیا تھا۔قرارداد الحاق پاکستان منظور کر کے کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خوداردیت ضرور ملے گا ۔

آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کوہر سال مقبوضہ کشمیر کے عوام اور مہاجرین مقیم پاکستان بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ مناتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم الحاق پاکستان اس قرارداد کی تجدید عہد ہے جو ہمارے بزرگوں نے 19جولائی1947کو منظور کی تھی ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے جو انکی کشمیریوں کے ساتھ جذباتی وابستگی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاست جموں و کشمیر کے نہتے عوام پرظلم وستم ڈھا رہا ہے لیکن وہ آج بھی کشمیریوں پر انسانی تاریخ کے انسانیت سوز مظالم ڈھانے کے باوجودان کو اپنے مقصد سے ایک انچ بھی نہیں ہٹا سکا۔مسلمانان ریاست اپنی تقدیر کا فیصلہ کر چکے ہیں اوران کی منزل و محور پاکستان ہے۔