ہائیرایجوکیشن کمیشن نے ڈگری کی ارجنٹ تصدیق کی فیس 5 ہزار روپے کر دی

ایجوکیشن بجٹ میں کمی کی وجہ سے ایچ ای سی کی جانب سے نئی یونیورسٹیوں کو فنڈز بھی مہیا نہیں کیے جائیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 12:46

ہائیرایجوکیشن کمیشن نے ڈگری کی ارجنٹ تصدیق کی فیس 5 ہزار روپے کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگری کی ارجنٹ تصدیق کی فیس پانچ ہزار روپے کر دی۔ ڈگری کی ارجنٹ تصدیق کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ہیڈکوارٹر اور تمام مقامی دفاتر میں اسپیشل بوتھ بھی قائم کر رکھے ہیں جو پیر سے جمعہ تک کُھلے رہیں گے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں 45، لاہور میں 20، کراچی میں 15، کوئٹہ میں 10 اور پشاور میں بھی 10 بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

ڈگری اٹیسٹ کروانے کی نارمل فیس 800 روپے تھی۔ تاہم ارجنٹ بنیادوں پر ڈگری کی تصدیق کروانے کی فیس اب 5 ہزار روپے کی جا رہی ہے۔ جبکہ ڈائریکٹر جنرل اٹیسٹیشن اینڈ ایکویلنس طاہر زیدی کا کہنا ہے کہ اقربا پروری کی حوصلہ شکنی کے لیے ضرورت مند افراد کو زیادہ ترجیح دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈگری کی تصدیق کی اپوائنٹمنٹ کے لیے آن لائن پورٹل پر بھی اپلائی کیا جا سکتا ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر پانچ لاکھ روپے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جس کے تحت کمیشن کے ریونیو میں ہر سال 150 ملین روپے کا اضافہ ہو گا تاکہ تعلیم کے بجٹ میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں ایچ ای سی سے متعلق دو مزید خبریں بھی سننے میں آئی تھیں ۔ جن میں سے ایک تو یہ کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں کمی کی وجہ سے ایچ ای سی نے نئی یونیورسٹیوں کو فنڈز فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسری خبر یہ تھی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں دو سالہ بی اے / بی ایس سی پروگرام ختم کرکے ایسوسی ایٹ ڈگری (A.D) کے نام سے نیا پروگرام شروع کرنے کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کیا تھا جس میں مرحلہ وار عملدرآمدکرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق دسمبر2020ء کے بعد ایم ای/ایم ایس سی ڈگری پروگرام میں بھی داخلے بند کرکے متبادل کے طورپر بی ایس ڈگری پروگرام میں داخلے دئے جائیں گے۔