امریکا میکسیکو کے ساتھ ملحقہ جنوبی سرحد پر مزید 2100 فوجی اہلکار تعینات کریگا

جمعرات 18 جولائی 2019 13:34

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) امریکا میکسیکو کے ساتھ ملحقہ جنوبی سرحد کی حفاظت کے لئے مزید 2100 فوجی اہلکار تعینات کرے گا۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کی جانب سے گزشتہ رات جاری کئے گئے بیان کے مطابق تعینات کئے جانے والے ایک ہزار تک فوجی اہلکار ٹیکساس نیشنل گارڈ کے رکن ہوں گے، جن میں سے تقریباً750 فوجی ٹیکساس کے علاقوں ڈونا اور ٹورنیلو میں عارضی تارکین وطن کی سہولیات کے لئے محکمہ داخلہ سکیورٹی کی انتظامی، لاجیسٹیکل اور آپریشنل مدد کریں گے۔

تارکین وطن کی نگرانی محکمہ داخلہ سکیورٹی کے قانون نافذ کرنے والے اہلکار کریں گے جبکہ دیگر 250 سکیورٹی اہلکار سرحد کے ساتھ بندرگاہوں کے داخلی راستے اور مسلح افواج کے ڈیوٹی پر مامور تقریباً 1100فوجی اہلکار بھی مختلف امور کے لئے تعینات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پنٹاگون نے کہا کہ 8 جولائی کو 4000 فوجی سرحد پر تعینات تھے۔ یہ اعلان ٹرمپ کی متعصب امیگریشن پالیسیوں پر جاری بحث اور ایسے گرفتار تارکین وطن کے تناظر میں کیا گیا ہے جو دستاویزات کے بغیر امریکا میں داخل ہوئے۔

محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ نئی تعیناتیاں قائم مقام سیکرٹری دفاع رچرڈ سپنسر کی منظوری کے بعد کی گئی ہیں۔ امریکا نے گزشتہ ماہ اشیاء پر ٹیکس عائد کرنی دھمکی کے بعد میکسیکو کو تارکین وطن کے امریکا میں داخلے کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔