سعودی وزارت انصاف کے ملازمین کی شاہ خرچیاں ختم ہو گئیں

دفتروں میں چائے کافی اور صوفے رکھنے اور اُن پر سونے پرپابندی لگ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 جولائی 2019 13:26

سعودی وزارت انصاف کے ملازمین کی شاہ خرچیاں ختم ہو گئیں
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جولائی 2019ء) سعودی وزارت انصاف نے اپنے ملازمین کی شاہ خرچیوں اور نوابی ٹھاٹھ باٹ کا نوٹس لے لیا ۔اُردو نیوز کے مطابق نائب وزیر انصاف نے عدالتوں اور وثیقہ نویسی کے اداروں کو تحریری طور پر ہدایت جاری کی ہے کہ ملازمین کو دفاتر کے اندر کافی، چائے اور قہوہ وغیرہ بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ عدالتوں اور وثیقہ نویسی کے کمروں میں صرف وہ مقامات جو چائے اور قہوہ بنانے کے لیے دفتری طور پر مخصوص کیے گئے ہیں، وہاں پر ہی گرم مشروبات تیار کرنے کی اجازت ہو گی۔

وزارت کی جانب سے ملازمین کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ دفتر میں کام پر توجہ دیں اور اسے اپنا گھر سمجھ کر یہاں آرام کرنے نہ بیٹھ جایا کریں۔ دفاتر میں موجود صوفے اُٹھا دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ریفریجریٹر، لکڑی اور لوہے کی الماریاں بھی ہٹا دی جائیں۔ نائب وزیرانصاف کے مطابق بعض ملازمین دفاتر میں بیٹھکیں لگا رہے ہیں، یہ سلسلہ بھی بند کیا جائے۔

یہ شکایتیں بھی موصول ہوئی تھیں کہ عدالتوں کے ملازمین گپ شپ لگانے کے لیے فرش پر قالین اور گاؤ تکیہ لگا لیتے تھے اور دفتری اوقات میں اس آرام طلبی کے ساتھ ساتھ چائے، قہوہ اور تمباکو نوشی کا شغل بھی ساتھ ساتھ چلتا تھا۔ملازمین کی جانب سے اس غیر ذمہ دارانہ رویئے پر سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ جس کے باعث وزارت انصاف کو حرکت میں آنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :