سپریم کورٹ نے کراچی کی سی بریز بلڈنگ گرانے سے روک دیا

لیز کے مطابق اس عمارت میں میڈیکل سینٹر بنایا جانا تھا. عدالت کا استفسار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 جولائی 2019 14:32

سپریم کورٹ نے کراچی کی سی بریز بلڈنگ گرانے سے روک دیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جولائی۔2019ء) سپریم کورٹ نے کراچی کی سی بریز بلڈنگ گرانے سے متعلق عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو آئندہ حکم تک عمارت گرانے سے روک دیا ہے. سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عمارت گرانے کیخلاف نظر ثانی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی‘ افتخار حسین گیلانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کسی رپورٹ میں نہیں کہ عمارت مخدوش ہوچکی، نیسپاک معائنہ کرچکی، رپورٹ کا انتظار کر لیا جائے، عمارت میں دکانیں اور گودام قائم ہیں دوسو افراد متاثر ہوں گے.

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد نے کہا لیز کے مطابق اس عمارت میں میڈیکل سینٹر بنایا جانا تھا،جس پر افتخار حسین گیلانی نے کہا اپنے حصے کی جگہ شوکت خانم یا ایدھی سینٹر کو دینے کو تیار ہیں. جسٹس گلزار احمد نے کہا گیلانی صاحب یہاں معاملات جس طرح چل رہے ہیں، آپ کے علم میں نہیں کراچی کے معاملات دیگر شہروں سے مختلف ہیں. عدالت نے سی بریز بلڈنگ گرانے سے متعلق عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو آئندہ حکم تک عمارت گرانے سے روک دیا‘عدالت نے ڈائریکٹر ملٹری لینڈ، کنٹونمنٹ بورڈ کراچی، اٹارنی جنرل سمیت ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر کو بھی نوٹس جاری کردیئے.

عدالت نے فریقین سے 2ہفتوں میں جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے نیسپاک کی رپورٹ بھی طلب کر لی. جسٹس گلزار احمد نے کہا لیز کے مطابق اس عمارت میں میڈیکل سینٹر بنایا جانا تھا،جس پر افتخار حسین گیلانی نے کہا اپنے حصے کی جگہ شوکت خانم یا ایدھی سینٹر کو دینے کو تیار ہیں. جسٹس گلزار احمد نے کہا گیلانی صاحب یہاں معاملات جس طرح چل رہے ہیں، آپ کے علم میں نہیں کراچی کے معاملات دیگر شہروں سے مختلف ہیں.